Shawwal crescent spotted in skies as Eid Al Fitr begins
08:39PM Sun 30 Mar, 2025

بھٹکل: 30 مارچ، 2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں قاضی صاحبان نے اطراف بھٹکل کے مختلف علاقوں سےرؤیت ہلال کی تصدیق کرتے ہوئے کل یکم شوال بروز پیر بھٹکل میں عیدالفطر کا اعلان کیا ہے اور تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔
اطلاع کے مطابق بھٹکل کے قریبی علاقے ہوناور تعلقہ کے کاسرکوڈ-ٹونکا میں متعدد افراد نے سمندر کنارے چاند کا نظارہ کیا ہے، اسی طرح ہوناور تعلقہ کے اُپنّی میں بھی چاند دیکھے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ پڑوسی ریاست کیرالہ سمیت کئی دیگر علاقوں میں بھی چاند دیکھے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ بھٹکل اور ہوناور کے ساتھ کمٹہ، کنداپور، اُڈپی، مینگلور، دہلی، لکھنؤ، حیدرآباد، پٹنہ، ممبئی، کولکاتا اور بنگلورو سمیت کئی شہروں میں بھی عیدالفطر کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھٹکل عیدگاہ میدان میں عید الفطر کی دوگانہ صبح 7:15 بجے ادا کی جائے گی۔ نماز سے قبل صبح 6:40 بجے جامع مسجد سے عیدگاہ کے لیے ایک پیدل جلوس روانہ ہوگا۔ نماز عید کی امامت ان شاء اللہ مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی کریں گے۔اس کے علاوہ بھٹکل کے جامعہ آباد میں واقع عید گاہ میں عید کی نماز 07:30 بجے ادا کی جائے گی۔
ادارہ بھٹکلیس اس موقع پر تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی پر خلوص مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالی تمام مسلمانوں کے نیک اعمال کو قبول فرمائے ، اس عید کی برکت سے امت مسلمہ کے حالات کو درست فرمائے اور رمضان کے بعد بھی نیک اعمال پر استقامت نصیب فرمائے۔ آمین