ندوۃ العلماء میں تعلیم حاصل کر رہے بھٹکل کے جواں سال عالم دین مولوی نقیب ایس کے انتقال کر گئے
11:09AM Sun 16 Oct, 2022

بھٹکل: 16 اکتوبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں عالمیت مکمل کرکے دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو میں فضیلت کی تعلیم حاصل کر نے گئے بھٹکل کے نواجوان عالم دین مولوی سید محمد نقیب ایس کے ابھی دوپہر کے وقت اللہ کو پیارے ہوگئے ۔
انا للہ و انا الیہ راجعون
ان کی میت حیدر آباد سے بھٹکل لائی جارہی ہے ۔کل صبح تک بندر روڈ سکینڈ کراس پر واقع ان کے مکان میں پہنچنے کی امید ہے۔
اطلاع کے مطابق مولوی سید نقیب بن نورالامین ایس کے (19) کچھ روز قبل ندوہ میں تعطیل کے بعد اپنے ساتھیوں کے ساتھ سیر و سیاحت کے لیے شملہ کے لیے نکلے تھے کہ وہاں پہنچنے پروہ برین ہیمبریج کا شکار ہوگئے ۔ اچانک طبیعت بگڑنے پر انہیں مقامی اسپتال لے جایا گیا تھا جس کے بعد وہاں سے ڈاکٹروں کے مشورے سے دہلی لایا گیا تھا لیکن دہلی میں بھی انہیں اسپتال میں داخلہ کی اجازت نہیں ملی ۔ تاہم اس کے بعد دہلی سے انہیں ایمبولینس پر مینگلورو لایا جارہا تھا کہ ابھی دوپہر کے وقت حیدر آباد پہنچتے پہنچتے انہوں نے آخری سانس لے لی اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔
بتایا گیا ہے کہ مرحوم کے سر میں کچھ دنوں سے درد تھا جس کی وجہ سے انہیں کچھ آرام دلانے کے لیے دوست انہیں تفریح پر لے گئے تھے۔
ادارہ بھٹکلیس اس نوجوان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس نوجوان کی بھر پور مغفرت فرمائے اور اس کے والدین و دوست احباب کو صبر جمیل نصیب فرمائے ۔ آمین
