ہنگامے کے دوران ہوراٹی کونسل چیرمین منتخب انسداد گؤکشی قانون کی منظوری کے خلاف کانگریس کا احتجاج،جے ڈی ایس خاموش
10:05AM Wed 10 Feb, 2021
بنگلورو۔10/فروری،2021 (سالارنیوز) کرناٹک لجس لیٹر کونسل میں کانگریس اراکین کے احتجاج اور کونسل چیرمین کے انتخاب کے بائیکاٹ کے درمیان اس ایوان کے لئے جے ڈی ایس رہنما بسوا راج ہوراٹی کو چیرمین کے طور پر منتخب کرلیاگیا۔ گزشتہ روز ایوان بالا میں حکمران بی جے پی کی طرف سے انسداد گؤکشی بل کو غیر قانونی طریقے سے منظور کروائے جانے کے خلاف کانگریس اراکین نے کارروائی شروع ہونے کے ساتھ ہی اپنا دھرنا جاری رکھا۔ کانگریس اراکین کی مانگ تھی کہ انسداد گؤکشی قانون پر باقاعدہ ووٹنگ کرائی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مانگ کی کہ ایوان چونکہ منظم نہیں ہے اسی لئے چیرمین کے انتخاب کو ملتوی کیا جائے۔
اسی درمیان کانگریس کے اراکین نے جے ڈی ایس اراکین کو اس بات کے لئے منالیا تھا کہ وہ انسداد گؤکشی بل کی منظوری کے طریقہئ کار کے خلاف کانگریس کے دھرنے کی حمایت کریں۔ جیسے ہی اس کی بھنک بی جے پی کو لگی، وزیرداخلہ وپارلیمانی اُمور بسوراج بومئی جے ڈی ایس اراکین پر ایوان کے باہر برس پڑے اور ہونے والے چیرمین بسوا راج ہورٹی سے مخاطب ہوکر کہاکہ اگر یہ صورت حال رہی تو چیرمین کے انتخاب کو ٹال دیا جائے گا۔ اس سے خائف جے ڈی ایس اراکین احتجاج میں شامل ہونے کے بجائے اپنی اپنی نشستوں پر آگئے۔
کانگریس کے ہنگامے کے درمیان جے ڈی ایس کے وی نارائن سوامی نے چیرمین کے عہدے کے لئے بسوا راج ہورٹی کا نام تجویز کیا اور سری کنٹے گوڈا نے اس کی تائید کی۔ اس مرحلہ میں کانگریس کے امیدوار نصیر احمد نے اس طریقہئ کار پر اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ ایوان جب منظم نہیں ہے تو اس کا فائدہ اٹھاکر چیرمین کا انتخاب کروانا غلط ہے۔ وہ خود اس انتخاب میں امیدوار ہیں لیکن انہیں بھی اعتماد میں لئے بغیر یہ انتخاب کروایا جارہا ہے۔ ان کی امیدواری کے حق میں کانگریس کے کسی رکن نے نصیر احمد کی امیدواری کی تجویز نہیں پیش کی۔ جس کے سبب تکنیکی طور پر بسو راج ہورٹی کو کونسل کا چیرمین بلامقابلہ منتخب قراردیاگیا۔ اس انتخاب کے بعد بھی کانگریس کے اراکین نے اپنا دھرنا جاری رکھا۔ ایوان کی کارروائی ختم ہونے تک بھی یہ دھرنا جاری رہا۔ جہاں حکمران بی جے پی اور جے ڈی ایس اراکین نے ہورٹی کو انتخاب کی مبارکباد دی۔ کانگریس اراکین نے کارگزاریوں کا بائیکاٹ جاری رکھا۔ اجلاس کے بعد ان لوگوں نے انسداد گؤکشی بل پاس کرنے کے طریقہ کار پر اعتراض کرتے ہوئے نئے چیرمین سے نمائندگی کی تو انہوں نے ان اعتراضات کو نظر انداز کرتے ہوئے کہاکہ بل پر ووٹنگ کی مانگ ممبران کو اپنی جگہ پر کھڑے ہوکر کرنی چاہئے تھی۔ دھرنا دیتے ہوئے کی گئی مانگ کو خاطر میں نہیں لایا جاسکتا۔ نصیر احمد نے بتایاکہ کانگریس قیادت نے طئے کیا کہ اس سلسلے میں گورنر واجو بھائی والا سے شکایت کی جائے گی۔ گورنر نے کانگریس کے وفد کو ملاقات کے لئے 12/فروری کا وقت دیا ہے۔