Section 163 imposed in Delhi

09:37PM Mon 30 Sep, 2024

نئی دہلی : اگر آپ دارالحکومت دہلی میں کئی دوستوں کے ساتھ باہر جا رہے ہیں تو ہوشیار رہیں۔ دہلی پولیس نے اگلے 6 دنوں تک دہلی کے کئی علاقوں میں ‘نیا قانون’ نافذ کر دیا ہے۔ اس وجہ سے اگر 5 افراد ایک ساتھ نکلتے پائے گئے تو پولیس ان کے خلاف بھی کارروائی کرسکتی ہے۔ ان مقامات پر احتجاج پر مکمل پابندی ہوگی۔ کوئی بھی کسی قسم کا اسلحہ لے کر نہیں جاپائے گا۔

دہلی پولیس کمشنر کے جاری کردہ حکم کے مطابق نئی دہلی، وسطی دہلی، شمالی دہلی کے علاوہ دہلی کی تمام سرحدوں پر بی این ایس ایس (بھارتیہ نیائے سنہیتا) کی دفعہ 163 نافذ کر دی گئی ہے۔ پہلے آپ اسے دفعہ 144 کے نام سے جانتے تھے لیکن نئے قانون کے نفاذ کے بعد اس کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت اگر پولیس کو لگتا ہے کہ کسی قسم کی گڑبڑی یا ہنگامہ آرائی کا امکان ہے تو وہ اس قانون کو پورے علاقے میں نافذ کر سکتی ہے۔

اب دہلی پولیس اگلے 6 دنوں تک پوری طرح الرٹ رہے گی۔ اس دوران دہلی میں پانچ لوگوں کے ساتھ جمع ہونے پر پابندی رہے گی۔ اسلحہ اور لاٹھی لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ دفعہ 163 کے تحت بہت سی چیزوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دہلی میں سڑکوں پر ہونے والے جلسوں اور احتجاجوں بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دراصل تہوار کے موسم کے پیش نظر دہلی کے بازاروں میں کافی بھیڑ ہونے جا رہی ہے۔ ادھر جموں کشمیر اور ہریانہ میں بھی انتخابات ہو رہے ہیں۔ یہ فیصلہ انتخابات، وقف ترمیمی بل اور شاہی عیدگاہ کے معاملے کے پیش نظر امن برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 2 اکتوبر کو دو عظیم شخصیات کا یوم پیدائش ہونے کی وجہ سے دارالحکومت میں کئی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے بھی یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ اس دوران امن کی فضا خراب ہوسکتی ہے اور پولیس کو بھی اس بارے میں خفیہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔