برطانیہ کے ذریعہ کووی شیلڈ کو منظوری نہیں دینے پر ہندوستان سخت ، کیا اعتراض

03:15PM Tue 21 Sep, 2021

نئی دہلی : ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے برطانیہ کے سامنے کووی شیلڈ کو منظوری نہ دینے کا معاملہ اٹھایا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کووی شیلڈ ویکسین کو منظوری نہ دینا ایک بھید بھاو پر مبنی پالیسی ہے ۔ برطانیہ نے اس کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ خارجہ سکریٹری نے منگل کو یہ جانکاری دی ۔ انہوں نے بتایا کہ کووی شیلڈ کو منظوری نہ دینا ایک بھید بھاو پر مبی پالیسی ہے اور برطانیہ کا سفر کرنے والے ہمارے شہریوں کو متاثر کرتا ہے ۔ وزارت خارجہ نے برطانیہ کے نئے خارجہ سکریٹری کے سامنے اس معاملہ کو مضبوطی سے اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس معاملہ کو حل کرلیا جائے گا ۔   بتادیں کہ برطانیہ سرکار پر ہندوسان سے آنے والے مسافروں کیلئے اپنے کووڈ 19 ٹیکے کو لے کر طے ضوابط کا جائزہ لینے کا دباو بڑھ رہا ہے ۔ اگلے مہینے سے لاگو ہونے والی نئی گائیڈلائنس کے مطابق مختلف ممالک کے ٹیکوں کو لے کر تفصیلی فہرست میں ہندوستانی ٹیکوں کو منظوری نہیں دی گئی ہے ۔   دراصل برطانیہ کے سفر سے متعلق فی الحال ریڈ ، ایمبر اور گرین رنگ کی تین الگ الگ فہرست بنائی گئی ہیں ۔ خطرے کے مطابق الگ الگ ممالک کو الگ الگ فہرست میں رکھا گیا ہے ۔ چار اکتوبر سے سبھی فہرستوں کو ایک کردیا جائے گا اور صرف ریڈ لسٹ باقی رہے گی ۔ ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کے مسافروں کو برطانیہ کا سفر کرنے پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ہندوستان اب بھی ایمبر فہرست میں ہے ۔ ایسے میں ایمبر فہرست کو ختم کرنے کا مطلب ہے کہ صرف کچھ مسافروں کو ہی پی سی آر جانچ سے چھوٹ ملے گی ۔ جن ممالک کے کورونا ٹیکوں کو برطانیہ میں منظوری ہوگی ، اس میں ہندوستان شامل نہیں ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو ہندوستانی سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کا کووی شیلڈ ٹیکہ لگوا چکے ہیں انہیں لازمی طور پر پی سی آر جانچ کرانی ہوگی اور طے پتوں پر کوارنٹائن میں رہنا ہوگا ۔