سدا رمیا کے ساتھ زیادہ تر ممبران اسمبلی، جلد اعلان کئے جاسکتے ہیں کرناٹک کے وزیراعلی: ذرائع
04:21PM Mon 15 May, 2023
بنگلورو : کرناٹک میں اب تک کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر یعنی اگلے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے غور و خوض کا عمل جاری ہے۔ یہاں کے نومنتخب ایم ایل ایز کی رائے جاننے کے بعد تینوں مبصرین نے پیر کو پارٹی صدر ملکاارجن کھڑگے سے ملاقات کی اور ایسے میں سبھی کی نظریں پارٹی ہائی کمان پر ٹک گئی ہیں۔ کانگریس سے وابستہ اعلیٰ ذرائع نے نیوز 18 کو بتایا کہ زیادہ تر ایم ایل ایز سدارمیا کے حق میں ہیں اور ایسے میں جلد ہی انہیں وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ دراصل کانگریس صدر کھڑگے نے کرناٹک میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) کے لیڈر کو منتخب کرنے کے لئے سینئر لیڈر سشیل کمار شندے، جتیندر سنگھ اور دیپک بابریہ کو بطور مبصر مقرر کیا تھا۔ تینوں مبصرین کو پارٹی کے نو منتخب ایم ایل ایز سے الگ الگ بات کرنی تھی ، تاکہ ان کی رائے معلوم کی جا سکے۔ یہ تینوں مبصرین نے پیر کی شام کھڑگے کی رہائش گاہ پہنچ کر اپنی رپورٹ سونپ دی۔