پاکستانی فوج پہلی مرتبہ ہندوستان میں، SCO کے اینٹی ٹیررزم ڈرل میں لے گی حصہ

03:30PM Sat 13 Aug, 2022

نئی دہلی : پاکستان دوطرفہ تعلقات میں تلخی کے باوجود اکتوبر میں شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے تحت ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے اینٹی ٹیررزم ڈرل میں حصہ لے گا ۔ پاکستانی میڈیا کی ایک رپورٹ میں ہفتہ کو یہ جانکاری دی گئی ہے ۔ دی ایکسپریس ٹریبیون اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی اور ہندوستانی فوجی ٹکڑیوں نے ایک ساتھ دہشت گردی مخالف مشقوں میں حصہ لیا ہے، لیکن یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پاکستان ، ہندوستان میں اس طرح کی مشق میں حصہ لے گا ۔ اخبار نے جمعہ کو پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کے حوالے سے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے آر اے ٹی ایس کے تحت اس سال اکتوبر میں ہونے والی بین الاقوامی دہشت گردی مخالف مشق میں حصہ لے گا ۔ ترجمان نے کہا کہ یہ مشق اکتوبر میں ہندوستان کے مانیسر میں ہوگی اور چونکہ پاکستان ایک رکن ہے، ہم اس میں حصہ لیں گے ۔ غور طلب ہے کہ ہریانہ کے مانیسر میں ہونے والی اس مشق میں ہندوستان کے علاوہ روس، چین ، پاکستان، ایران ، قزاقستان ، کرغستان، تاجکستان اور ازبیکستان بھی حصہ لیں گے ۔ یہ مشق ایسے وقت میں ہورہی ہے جبکہ گزشتہ 29 جولائی کو چین کے وزیر خارجہ وانگ یی ، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور پاکستان کے ان کے ہم منصب بلاول بھٹو کی موجودگی میں ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بالواسطہ طو رپر پاکستان کے تناظر میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سبھی طرح کی دہشت گردی کے تئیں قطعی برداشت نہیں کرنے کی پالیسی ہونی چاہئے ۔
غور طلب ہے کہ 15 ۔ 16 ستمبر کو سمرقند میں اگلی ایس ای او چوٹی کانفرنس کا انعقاد ہونے والا ہے ۔ چوٹی کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی ، چین کے صدر شی جن پنگ ، روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور گروپ کے دیگر لیڈروں کی شرکت کی امید ہے ۔