School Bus Overturns Near Honnavar During Trip: One Student Dead, Over 26 Injured
05:28PM Mon 1 Dec, 2025
ہوناور: یکم دسمبر،2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) میسور سے تفریح کے لیے ہوناور آ رہی اسکول بس ڈرائیور کے ہاتھوں سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ اس دردناک حادثے میں ایک طالب علم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ہے، جبکہ 25 سے زائد طلبہ زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ تعلقہ کے سولے مورکی کراس کے قریب پیش آیا۔
ہلاک ہونے والے طالب علم کی شناخت پون (عمر 15 سال) کے طور پر کی گئی ہے، جو میسور کی ترل بالو ودیا سنستھا میں دسویں جماعت (SSLC) کا طالب علم تھا۔
اطلاعات کے مطابق میسور کی ترل بالو ودیا سنستھا کے طلبہ تفریحی دورے پر اسکول بس کے ذریعے ہوناور آ رہے تھے، اسی دوران سولے مورکی کراس کے قریب بس کا توازن بگڑ گیا اور بس سڑک پر ہی الٹ گئی۔
حادثے میں 25 سے زائد طلبہ زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر ہوناور سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ہوناور پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔