سابق وزیراعلیٰ جگدیش شیٹر نے بی جے پی سے دیا استعفیٰ، ٹکٹ نہ ملنے سے تھے ناراض

05:04AM Sun 16 Apr, 2023

کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ جگدیش شیٹر نے 10 مئی کو ہونے والے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے ٹکٹ نہیں ملنے پر اتوار کو بی جے پی سے اپنے استعفے کا اعلان کردیا ہے۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ اسمبلی الیکشن یقینی طور پر لڑیں گے۔ جگدیش شیٹر نے پارٹی میں اپنے تعاون اور ریاست میں ان کی جانب سے سنبھالے گئے انتہائی اہم عہدوں کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے مجھے ذلیل کیا گیا، اس سے میں افسردہ ہوں۔۔۔ میں سوچا کہ مجھے انہیں چیلنج دینا چاہیے۔ اس لیے میں نے علیحدہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور میں لڑوں گا۔

جگدیش شیٹر نے مزید کہا کہ آخر کار میں اس پارٹی سے استعفیٰ دوں گا جو میں نے ریاست میں بنائی تھی۔ لنگایت لیڈر نے یہ بھی الزام لگایا کہ ان کے خلاف ایک منصوبہ بند سازش رچی جارہی ہے۔
بی جے پی کے قدآور لیڈر سابق وزیراعلیٰ جگدیش شیٹر ہبلی سینٹرل سیٹ سے کئی مرتبہ ایم ایل اے رہے ہیں۔ اس مرتبہ انہیں بی جے پی نے اب تک ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ شیٹر نے پہلے ہی بغاوتی سُر بلند کیے تھے اور حال ہی میں یہاں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا تھا۔ اس ضلع میں ابھی سات میں سے پانچ سیٹیں بی جے پی کے پاس ہیں اور دو کانگریس کے پاس ہیں۔ بی جے پی لیڈر پرہلاد جوشی کی ہبلی -دھارواڑ پارلیمانی سیٹ میں ہاویری ضلع کی شیگ گاوں سیٹ بھی آتی ہے۔ یہاں سے ریاست کے وزیراعلیٰ بسواراج بوممئی پھر سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں۔