بھٹکلی جماعتوں کے تعاون سے اب بھٹکل میں ہی قائم کیا گیا پرائمری کوڈ کیر سینٹر: انڈیانا اسپتال کے ماہرین کی نگرانی میں بھٹکل میں ہی ہوگا ابتدائی مریضوں کا علاج۔ دو نئی ایمبولینس کا بھی ہوا افتتاح

05:42AM Tue 4 Aug, 2020

بھٹکل: 4 اگست،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) مجلس اصلاح و تنظیم، رابطہ سوسائٹی بھٹکل اور دیگر جماعتوں کے تعاون سے آج بھٹکل کے زین لاڈج میں پرائمری کوڈ کیئر سینٹر کا افتتاح عمل میں آیا جس میں بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر مسٹر بھرت ایس، اے ایس پی نکھل بلاور، بھٹکل تعلقہ اسپتال کے ایڈمنسٹریٹو آفسر ڈاکٹر سویتا کامت، انڈیانا اسپتال کے ڈاکٹر یوسف کمبلے، چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، نائب قاضی جماعت المسلمین مولانا عبدالرب خطیبی ندوی، جنرل سکریٹری مجلس اصلاح و تنظیم عبدالرقیب ایم جے، اس منصوبہ کے کنوینر ارشد محتشم، نائب کنوینر عتیق الرحمن منیری و غیرہ نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر نے  کہا کہ اس بیماری کو روکنے کے لیے سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ لوگ اس بیماری کو چھپا کر نہ رکھیں بلکہ کسی بھی علامت کے ظاہر ہونے پر اپنی جانچ کے لیے سامنے آئیں۔ انہوں نے اس سینٹر کے قائم ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ بھی یہی چاہتی ہے کہ لوگوں کے دلوں سے ڈر نکالا جائے اور جتنا ہوسکے اتنے لوگوں کی جانچ کرکے دوسروں کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ مینگلورو انڈیانا اسپتال کے ڈاکٹر یوسف کمبلے نے اس موقع پر اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس بیماری سے کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کینر سینٹر میں گلے سے تھوک کے سیمپل لینے سے لے کر آکسیجن تک کی تمام تر سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ کورونا کی علامات پائے جانے پر اس سینٹر کا رخ کریں اور اپنی جانچ کروائیں۔ کنوینر ارشد محتشم صاحب نے کہا کہ اس پرائمری کوڈ کیر سینٹر کو یہاں بھٹکل میں قائم کرنے کا مقصد یہی ہے کہ لوگ اس بیماری کی وجہ سے آخری اسٹیج تک نہ پہنچنے پائیں بلکہ ابتدائی علامت ظاہر ہوتے ہی وہ بلا جھجک اپنی جانچ کروانے سامنے آئیں، انہون نے کہا کہ گھر بیٹھ کر اگر کسی کو سانس کی تکلیف ہوتی ہے یا کوئی ایمرجینسی ہے ان کو یہاں لاکر آکسیجن وغیرہ دیا جائے گا اگر صحت زیادہ بگڑتی ہے تو انہیں منی پال یا مینگلورو روانہ کیا جائے گا۔ موصوف نے کہا کہ یہاں نہایت ہی دوستانہ ماحول میں علاج کرنے کی تاکید کی گئی ہے اس لیے کسی کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ نائب کنوینر عتیق الرحمن منیری نے کہا کہ اس سینٹر میں کورونا کی ابتدائی علامت آنے والوں کی جانچ کی جائے گی یہاں انڈیانا اسپتال کے ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم کام کر رہی ہے جس کی نگرانی  تجربہ کار ڈاکٹر یوسف کمبلے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کھانسی، بخار، سانس میں تکلیف پر باہر آئیں اور آکر علاج کرائیں۔ انہوں نے اسکے لیے دو نئی ایمبولینس کو خاص کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس منصوبہ کو بھٹکل کے تمام سرکاری اور ملّی اداروں کا تعاون حاصل ہے جس کا مقصد بھٹکل کے لوگوں کے دلوں سے ڈر نکالنا، اس بیماری کو پھیلنے سے روکنا اور انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، نائب قاضی جماعت المسلمین مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور جنرل سکریٹری مجلس اصلاح و تنظیم عبدالرقیب ایم جے نے بھی موقع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس کے پیچھے کام کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی سراہنا کی۔ اس موقع پر آفتاب کولا صاحب، عنایت اللہ شابندری صاحب، امتیاز ادیاور صاحب، نصیف خلیفہ صاحب، عبدالماجد کولا صاحب، مناظر سکری صاحب وغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر دو نئی ایمبولینس کا بھی افتتاح کیا گیا۔