راہل گاندھی نے 'اگنی پتھ' پر پھر اٹھائے سوال، کہا- وزیراعظم کی تجربہ گاہ کے اس نئے تجربے سے ملک کی سلامتی اور نوجوانوں کا مستقبل خطرے میں

02:08PM Sun 24 Jul, 2022

ملک میں اگنی پتھ اسکیم کے تحت فضائیہ میں اگنی ویروں کی بھرتی کا امتحان اتوار سے شروع ہوا۔ ادھر کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم پر ایک بار پھر حکومت کو گھیرا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کی تجربہ گاہ کے اس نئے تجربے سے ملک کی سلامتی اور نوجوانوں کا مستقبل دونوں ہی خطرے میں ہیں۔ اس اسکیم کے اعلان کے بعد سے ہی ملک میں نوجوانوں نے مظاہرے کیے اور کئی جگہوں پر توڑ پھوڑ کی، اپوزیشن اس اسکیم پر لگاتار مرکز کو گھیر رہی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ہر سال 60 ہزار فوجی ریٹائر ہوتے ہیں، ان میں سے صرف 3000 کو سرکاری نوکری مل رہی ہے۔ 4 سالہ کنٹریکٹ پر ہزاروں کی تعداد میں ریٹائر ہونے والے اگنی ویروں کا مستقبل کیا ہوگا؟ وزیراعظم کی تجربہ گاہ کے اس نئے تجربے سے ملک کی سلامتی اور نوجوانوں کا مستقبل دونوں خطرے میں ہیں۔
اگنی پتھ اسکیم کے تحت فوج، فضائیہ اور بحریہ میں سپاہیوں کی بھرتی ہوگی۔ اس سکیم کے تحت ہر سال 40 سے 45 ہزار نوجوانوں کو فوج میں بھرتی کیا جائے گا۔ ان کی میعاد 4 سال ہوگی اور ان کے عہدے مختلف ہوں گے۔ اس کے تحت فوج میں بھرتی ہونے والے نوجوانوں کو اگنی ویر کہا جائے گا۔