من کی بات: چنڈی گڑھ ہوائی اڈے کا نام اب شہید بھگت سنگھ کے نام پر ہوگا، وزیر اعظم مودی کا اعلان

03:17PM Sun 25 Sep, 2022

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج چنڈی گڑھ ہوائی اڈے کا نام شہید بھگت سنگھ کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا۔ پی ایم مودی نے یہ اعلان آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات کی 93ویں قسط میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 28 ستمبر کو سلیبریٹ کرنے کی ایک اور وجہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا، جانتے ہیں کیا ہے! میں صرف دو لفظ کہوں گا لیکن مجھے معلوم ہے، آپ کا جوش چار گنا زیادہ بڑھ جائے گا۔ یہ دو الفاظ ہیں سرجیکل اسٹرائیک۔ بڑھ گیا ناجوش! ہمارے ملک میں امرت مہوتسو کی جو مہم چل رہی ہے انہیں ہم دل و جان سے منائیں، اپنی خوشیوں کو سب کے ساتھ بانٹیں۔
پی ایم مودی نے کہا کہ آج سے تین دن بعد 28 ستمبر کو امرت مہوتسو کا ایک خاص دن آ رہا ہے۔ اس دن مادروطن کے بہادر بیٹے بھگت سنگھ جی کا یوم پیدائش ہے۔ بھگت سنگھ کے یوم پیدائش سے عین قبل انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ اور فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ چندی گڑھ کے ہوائی اڈے کا نام اب شہید بھگت سنگھ کے نام پر رکھا جائے گا۔ اس کا کافی عرصے سے انتظار تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’’میں چنڈی گڑھ، پنجاب، ہریانہ اور ملک کے تمام لوگوں کو اس فیصلے کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے آزادی پسندوں سے تحریک لے کر، ان کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے، ان کے خوابوں کا ہندوستان بنانا ہے اور یہی ان کے تئیں ہماری خراج عقیدت ہے۔ شہداء کی یادگاریں، ان کے نام سے منسوب جگہوں اور اداروں کے نام سے ہمیں فرض شناسی کی ترغیب ملتی ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی ملک نے کرتویہ پتھ پر نیتا جی سبھاش چندر بوس کا مجسمہ لگا کر ایسی ہی کوشش کی ہے اور اب شہید بھگت سنگھ کے نام پر چنڈی گڑھ ایئرپورٹ کا نام اس سمت میں ایک اور قدم ہے۔
انہوں نے کہا، "میں چاہوں گا، امرت مہوتسو میں، جس طرح ہم آزادی پسندوں سے متعلق خاص مواقع پرخوشیاں منا رہے ہیں، اسی طرح 28 ستمبر کو بھی ہر نوجوان کو کچھ نیا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔"