مراٹھا ریزرویشن کے لئے تحریک نہیں بلکہ یکم دسمبر کو جشن منایا جائے: فڑنویس کا اعلان

01:20PM Thu 15 Nov, 2018

مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے آج کہا ہے کہ مراٹھا ریزرویشن کے لیے پیش کردہ رپورٹ انہیں موصول ہو گئی ہے اور مراٹھا فرقے کو ریزرویشن کے لیے تحریک کے بجائے یکم دسمبر کو جشن منانا چاہئے کیونکہ حکومت قانونی دائرے میں رہ کر اس ضمن میں اہم ترین فیصلہ کرے گی ۔ اس اعلان کے ساتھ مراٹھاؤں کو ریزرویشن دیئے جانے کے بارے میں حکومت کے فیصلہ کے بارے میں امکان بڑھ گیا ہے۔ وزیراعلیٰ فڑنویس نے مراٹھوارہ میں احمد نگر کے شنگی شنگا پور میں کسانوں اور تاجروں کے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بیان دیا ہے کہ قانونی دشواریوں کو دورکرکے مراٹھا فرقے کو ریزرویشن فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قرض معافی کی اسکیم جاری رہیگی اور کسانوں کو قرض کے بوجھ سے نجات دلانے کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کسانوں کو قرض سے نجات دلانے اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑے کرنے کے لیے حکومت ٹھوس قدم اٹھائے گی ۔ گزشتہ چار سال کے دوران ان کسانوں کے کھاتوں میں پچاس ہزار کروڑروپے جمع کیے جا چکے ہیں،جبکہ متاثر اضلاع میں وہاں کی ضرورت کے مطابق قرض معاف کیا گیا ہے اور کسانوں کی مدد کی گئی ہے۔