'اس ہار کی ذمہ داری لیتا ہوں......' کرناٹک انتخابات کے نتائج کے بعد وزیراعلی بومئی نے کہا

12:33PM Sat 13 May, 2023

بنگلورو: کرناٹک کے وزیراعلی بسوراج بومئی نے کہا ہے کہ اسمبلی انتخابات کی اس ہار کی ذمہ داری لیتا ہوں، اس کی کئی وجوہات ہیں، ہم سبھی وجوہات کا پتہ لگائیں گے اور پارلیمانی انتخابات کیلئے ایک مرتبہ پھر پارٹی کو مضبوط کریں گے ۔ کرناٹک کے عوام کا جو فیصلہ ہے، وہ ہم قبول کریں گے اور اس پر ہم غور و خوض کریں گے ۔ کانگریس نے ہم سے پہلے تیاری شروع کی تھی ۔ یہ سب سے بڑی وجہ ہے اور اس کی میں ذمہ داری لیتا ہوں ۔ بسوراج بومئی نے کہا کہ سبھی کوششوں کے باوجود ہم ہدف حاصل نہں کرسکے ہیں۔ ہم تفصیلی تجزیہ کریں گے اور قومی پارٹی کے طور پر ہم مختلف سطحوں پر اپنی کمیوں کو دیکھیں گے، اس میں بہتری کریں گے اور اس کو پھر سے منظم کرکے لوک سبھا انتخابات میں واپسی کریں گے ۔

اس سے پہلے رجحانات کو دیکھتے ہوئے بھی وزیراعلی بومئی نے کہا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اس الیکشن میں اپنی چھاپ چھوڑنے میں ناکام رہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور پارٹی کارکنان نے کافی کوششیں کیں، لیکن اس سب کے باوجود ہم اپنی چھاپ نہیں چھوڑ پائے ۔ اب ہم ذمہ دار اپوزیشن کے طور پر کام کریں گے ، ہم پارٹی کی ہار کے بارے میں جائزہ لیں گے ۔
بتادیں کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو صرف 65 سیٹیں ملتی نظر آرہی ہیں جبکہ کانگریس 136 سیٹوں ک ساتھ بڑی جیت حاصل کرتی نظر آرہی ہے ۔