موسلادھار بارش کے پیش نظر اترکینرا میں جاری ہوا ریڈ الرٹ۔ کل دوپہر تک بھاری بارش کا امکان۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں میں مزید ایک دن چھٹی کا کیا  اعلان

12:38PM Wed 6 Jul, 2022

بھٹکل:  6 جولائی ،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر (KSNDMC) نے ضلع اتر کینرا میں کل 7  جولائی کی دوپہر سے موسلادھار بارش کی  پیشن گوئی  کی ہے اور ضلع میں  آج دوپہر 01:30 سے کل جمعرات کی صبح 08:30 تک ریڈ الرٹ کا اعلان کردیا ہے جبکہ  کل صبح سے سنیچر کی صبح تک ضلع میں اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی کے چلتے ضلع اتر کینرا کے ڈپٹی کمشنر مسٹر ملئی مہیلن نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے  ضلع کے تمام انگن واڈی، اسکول و کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں کل 7 جولائی بروز جمعرات کو مزید ایک دن  چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ  اترکینرا میں بھاری بارش کو دیکھتے ہوئے دو دنوں سے تعلیمی اداروں میں چھٹی چلی آرہی ہے ۔ اس دوران بھاری بارش کو دیکھتے ہوئے جہاں تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے وہیں ڈپٹی کمشنر نے عام شہریوں ،بچوں اور سمندر کنارے رہنے والے ماہی گیروں سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے اور کسی بھی ناگہانی صورت میں ان نمبرات پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ کنٹرول روم 24X7: 1077 لینڈ لائین: 08382 229857 وہاٹس ایپ نمبر: 983511015