اُڈپی:طالبات کو حجاب کے ساتھ کلاس روم میں داخل ہونے کی نہیں دی گئی اجازت
02:00PM Sat 1 Jan, 2022

اڈپی : یکم جنوری،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اڈپی کی سرکاری پری یونیورسٹی کالج میں حجاب پہن کر کلاس روم میں بیٹھنے کی طالبات کو اجازت نہیں دی گئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ گیارہویں اور بارہویں کی کُل چھ طالبات پچھلے تین دنوں سے حجاب پہن کر کلاس میں جانے کی اجازت طلب کر رہی ہیں لیکن انہیں اجازت نہیں مل رہی ہے۔ ان طالبات کی جانب سے پرنسپال سے بار بار درخواست کی جارہی ہے کہ انہیں مذہبی حقوق کے بنیاد پر حجاب کے ساتھ کلاس میں داخل ہونے کی اجازت دے دی جائے۔
پرنسپل کا کہنا ہے کہ کالج کے اصول کے مطابق انہیں کلاس میں داخلے کی اجازت تب ہی مل سکتی ہے جب یہ اپنا حجاب اُتار کر آئیں گی۔
کیمپس فرنٹ آف انڈیا اور جی۔آئی ۔ او انڈیا اڈپی نے اس واقعہ کی کڑے الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کالج پرنسپل رودرے گوڈا نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ ابھی تک کالج کے قوائد میں ایسی کوئی گنجائش ہی نہیں ہے کہ مسلم طالبات حجاب کے ساتھ کلاس میں داخل ہوں۔ پچھلے تین دنوں سے ساٹھ مسلم طالبات میں سے صرف چھ طالبات حجاب کے ساتھ کالج آرہی ہیں اسی لیے ہم انہیں کلاس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ آج ان طالبات کے والدین اور سرپرستان کے ساتھ کالج ترقیاتی کمیٹی کی ایک نشست منعقد ہونے والی تھی جس میں اس معاملہ کے حل ہونے کے امکانات ہیں ۔