بھٹکل مجلس اصلاح وتنظیم نے مسلمانوں کو دیے جانے والے ریزرویشن کو بحال کرنے کے لیے گورنر کے نام دیا میمورنڈم
12:34PM Wed 5 Apr, 2023

بھٹکل: 5 مارچ،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی بی جے پی حکومت کی طرف سے انتخابات کے بالکل ہی قریب مسلمانوں کو2B زمرے میں دیے جانے والے 4 فیصد ریزرویشن کوختم کئےجانے کی مذمت کرتے ہوئے آج دوپہر میں مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے صدر تنظیم جناب عنایت اللہ شابندری صاحب کی قیادت میں اسسٹنٹ کمشنر کے توسط گورنر کے نام میمورنڈم پیش کیا اور ختم کیے گئے اس ریزرویشن کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
جس میں نہ صرف چار فیصد ریزرویشن بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے بلکہ ریزرویشن کو چار فیصد سے بڑھا کر سات فیصد کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے نے کہا کہ مسلمانوں کی معاشی اور تعلیمی پسماندگی کے پیش نظر دستوری حق کے طور پر مسلمانوں کو تعلیمی اداروں اور روزگار کے اداروں میں جو 2B زمرے کے تحت ریزرویشن دیا جا رہا تھا وہ چنپّا ریڈی کمیشن اور اقلیتی کمیشن کی رپورٹوں کی بنیاد پر تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بی جے پی حکومت کی طرف سے اس ریزویشن کو مسلمانوں سے چھین کر وکلیگا اور لنگایت طبقات کو دینا مسلمانوں کو ان کے اپنے دستوری حق سے محروم کرنا ہے جس سے مسلمانوں میں بے اطمینانی اور اضطراب کی کیفیت پیدا ہوئی ہے ۔
صدر تنظیم نے اس کو مسلمانوں کے ساتھ نا انصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خود وگلیگا اور لنگایت کے لیڈروں نے کہا ہے کہ کسی سے چھین کر دیا جانے والا ریزرویشن ہم کو نہیں چاہئے پھر بھی حکومت کو شرم نہیں آرہی ہے ۔ انہوں نے اس اقدام کو سیاسی مفاد حاصل کرنے کی ایک چال بتاتے ہوئے اس اقدام کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ مسلمانوں کے لئے2B زمرے کے تحت دیا جانے والا ریزرویشن نہ صرف بحال کیا جائے بلکہ اسے 4 فیصد سے بڑھا کر 7 فیصد کیا جائے ۔
اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے سابق صدر جناب ایس ایم پرویز، سابق جنرل سکریٹری جناب محی الدین الطاف کھروری، جناب جیلانی شاہ بندری، مولانا عزیزالرحمن رکن الدین ندوی سمیت دیگر اراکین موجود تھے۔
[embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=a15Op1yLk1M[/embedyt]