قومی یوم تعلیم پر بھٹکل میں آئیٹا کے زیر اہتمام منعقد ہوا پروگرام: ماسٹر سیف اللہ صاحب اور ماسٹر صادق صاحب کی تہنیت

03:41PM Thu 11 Nov, 2021

بھٹکل : 11 نومبر، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم اور جدید ہندوستان کے معمار کہلائے جانے والے مولانا ابوالکلام آزادؒ کے یوم پیدائش پر آج ملک بھر میں قومی  یوم تعلیم منایا جارہا ہے۔ اسی کی مناسبت سے آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (آئیٹا) کی طرف سے آج بھٹکل کے دعوت سینٹر میں ایک اہم پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ایک طرف مولانا آزاد کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی گئی تو دوسری طرف   تعلیمی میدان میں  نمایاں خدمات انجام دینے پر  جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں ایک عرصے سے تدریسی خدمات انجام دے رہے  استاذ مکرم ماسٹر سیف اللہ صاحب اور  اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے استاذ ماسٹر صادق صاحب کو  مرحوم لنکا عبداللہ سے موسوم آئیڈیل ٹیچر ایوارڈ سے  بھی نوازا گیا ۔ اجلاس میں کلیدی مقرر کی حیثیت  سے  جناب قادر میراں پٹیل کے علاوہ آئیٹا کے ریاستی صدر جناب رضا مانوی،  صدر مدرس آئی اے یو ایچ ایس جناب شبیر دفعدار،  گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر  الاس نائک،   امیر مقامی  جماعت اسلامی ہند بھٹکل جناب مجاہد مصطفی ،  آئیٹا کے ریاستی سکریٹری جناب یاسین بھکبا اور دیگر موجود رہے۔ اجلاس کا آغاز  غطریف ردا مانوی کی تلاوت  سے ہوا جس کے بعد جناب یاسین بھکبا صاحب نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے  اجلاس کی غرض و غایت بھی بیان کی۔ شکریہ کلمات پر اجلاس اختتام کو پہنچا ۔اجلاس میں مختلف اسکولوں کے اساتذہ کرام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔