Renowned social worker of Bhatkal, Mr. Syed Hasan Burmawar, passes away

08:58PM Wed 25 Mar, 2026

بھٹکل: 25 مارچ، 2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے معروف سماجی کارکن جناب سید حسن برماور صاحب آج دوپہر کے وقت  اپنی عمر کی 73 بہاریں گزار کر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

 ان کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء نوائط کالونی تنظیم ملیہ مسجد میں ادا کی گئی اور نوائط کالونی قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔

مرحوم سید حسن برماور نہایت مخلص، زمین سے جڑے ہوئے، فعال اور متحرک انسان تھے۔ وہ نرم دل اور بے حد سادہ مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے ہمیشہ شہرت سے دور رہ کر خلوص کے ساتھ سماجی خدمات انجام دیں۔

اگرچہ وہ زیادہ رسمی تعلیم یافتہ نہیں تھے، مگر سماجی خدمات کے میدان میں ان کی بصیرت، سمجھ بوجھ اور عملی جدوجہد قابلِ تقلید تھی۔ حکومتی اداروں سے عوامی مسائل حل کروانے میں وہ نمایاں کردار ادا کرتے رہے، اور افسران بھی انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔

 

آر ٹی آئی کے مؤثر استعمال کے ذریعے انہوں نے کئی معاملات میں حقائق سامنے لائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کیں۔ بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر کئی ٹرینوں کے اسٹاپ کو ممکن بنانے میں بھی ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

لیکن ان کی زندگی کا اصل حسن صرف کامیابی نہیں تھا — بلکہ وہ احساس تھا جو غربت کے دنوں نے ان کے دل میں پیدا کیا تھا۔ انہوں نے اپنی خوشحالی کو صرف اپنے لیے نہیں رکھا بلکہ اپنے خاندان اور معاشرے کے غریب افراد کی مدد کو اپنی ذمہ داری سمجھا۔ اپنے کئی محتاج رشتہ داروں کو روزگار فراہم کیا اور انہیں خود کفیل بنانے کی کوشش کی۔

 

ادارہ بھٹکلیس ان کے اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے ، ان کے پسماندگان کو صبر جمیل نصیب فرمائے اور قوم کو ان کا نعم البدل عطافرمائے ۔ آمین