Red alert issued in state's coastal districts

05:46PM Sat 13 Jul, 2024

بھٹکل: 13 جولائی ،2024 (بھٹکلیس نیوز بیورو) محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق ریاست کرناٹک کے ساحلی اضلاع  میں تین دنوں تک بھاری بارش کے امکانات ہیں  جس کی وجہ سے آج 13 جولائی کو  ان اضلاع میں اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ اتوار اور پیر کو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔

اس پس منظر میں ضلع انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر عوام کو درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں۔

عوام اور ماہی گیروں کو ان دنوں میں سمندر کے کنارے  جانے یا سمندر میں ماہی گیری کے لیے اترنے سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔

عوام اور خصوصی طور پر بچوں سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں میں بجلی کے کھمبوں اور نیچے گری تاروں کو نہ چھوئیں۔

عوام سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ تیز ہوا ؤں کے دوران درختوں کے نیچے یا پرانی عمارت کے قریب کھڑے نہ ہوں۔

ضلع انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کوئی ندی کنارے مقیم ہویا پھر کسی کو اپنے گھر کی دیوار گرنے وغیرہ کا خطرہ ہو تو وہ محفوظ مقام پر منتقل ہوجائے،  یا پھر متعلقہ تحصیلدار کی طرف سے طے شدہ کئیر سینٹر میں پناہ لے۔

عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر 1077/9483511015 پر رابطہ کریں۔