ڈپٹی کمشنر کے حکم کے بعد بھٹکل ٹاؤن میونسپال عمارت پر لگے اردو نام کو ہٹادیا گیا

12:20PM Thu 30 Jun, 2022

بھٹکل: 30 جون، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں گزشتہ چار دنوں سے ٹاؤن میونسپال کونسل کی عمارت پر لگائے گئے اردو نام کو لے کر تنازعہ چل رہا تھا جس کو آج ڈپٹی کمشنر مسٹر ملئی مہلین کے حکم کے بعد عمارت پر سے ہٹا دیا گیا اور عمارت پر انگریزی و کنڑا نام کو ہی باقی رکھا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کہ ڈائریکٹوریٹ آف میونسپال ایڈمنسٹریشن کی طرف سے2018 میں جاری حکم کے مطابق ریاست میں کسی بھی سرکاری عمارت پر کنڑا اور انگریزی کے علاوہ دوسری زبان کا استعمال درست نہیں ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے صرف یہی سوال تھا کہ قانونی اعتبار سے یہ درست ہے یا نہیں تو ہم نے حکم دے دیا  کہ یہ درست نہیں ہے اور اس کو ہٹادینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ میونسپالٹی میں نام لگانے کے لیے جو طریقہ کار اپنایا گیا ہے وہ درست نہیں ہے۔ ڈی سی نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں میونسپال کے ذمہ داران اور قومی لیڈران سے بھی بات کی ہے اور  ان کو قانونی طور پراس تعلق سے تمام تر جانکاری بھی  دے دی ہے جس کے بعد انہوں نے بورڈ کو نکالنے کا حکم دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اترکینرا ہمیشہ سے ہی قانون کی پاسداری کرنے کے لیے جانا گیا ہے اس لیے وہ امید رکھتے ہیں کہ یہاں کے لوگ بھی قانون کو مانیں گے اور پھر کوئی ہنگامہ نہیں ہوگا۔ اس موقع پر ایس پی ڈاکٹر سومن پینیکر، اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی، چیف افسر سریش اور دیگر افسران موجود تھے۔