شیموگہ میں بجرنگ دل سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا قتل: پولس کا سخت بندوبست۔ دو ملزموں کی گرفتاری۔ وزیر داخلہ کا دورہ
12:33PM Mon 21 Feb, 2022

شیموگہ: 21 فروری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)کل اتوار شب قریب 9 بجے شیموگہ میں ہوئے ایک قاتلانہ حملے میں بجرنگ دل سے تعلق رکھنے والاایک 23 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا تھا جس کی شناخت ہرش کی حیثیت سے کی گئی تھی۔
قتل کی واردات سامنے آنے کے بعد سے شیموگہ میں حالات کشیدہ ہوگئے تھے جس کو اب پولس اہلکاروں نے قابو میں کر لیا ہے، تاہم اب بھی چند مقامات سے کشیدگی کی خبریں موصول ہورہی ہیں جن پر پولس اہلکار نگاہ بنائے ہوئے ہیں۔
اس دوران اے ڈی جی پی مروگن نے میڈیا کو بتایا کہ اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ ہورہی ہے لیکن ان کے نام ابھی نہیں بتائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پولس دیگر ملزمین کی تلاش میں ہے اور جلد ان تک پہنچنے کی امید ہے۔
وزیر داخلہ پہنچے شیموگہ: ہرشا کی موت کے بعد ریاستی وزیر داخلہ ارگانند آج شیموگہ پہنچے اور لاش کا آخری دیدار کرتے ہوئے مہلوک کے اہل خانہ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن اور صبر کا دامن نہ چھوڑیں اور قانون کو اپنا کام کرنے دیں ۔انہوں نے عوام کو کسی بھی صورت میں قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
خیال رہے کہ حالات کو دیکھتے ہوئے آج پیر کو شیموگہ کےاسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا اور ایس ایس ایل سی کا پری پیٹری امتحان بھی ملتوی کیا گیا تھا ۔