کنداپور میں باحجاب مسلم طالبات کی ہراسانی کے خلاف بھٹکل میں طلبہ تنظیم نے کیا پرنسپال کے خلاف احتجاج: دیکھیں ویڈیو

04:12PM Sat 5 Feb, 2022

بھٹکل : 5 فروری،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کنداپور کے سرکاری کالج کے پرنسپال کی جانب سے باحجاب مسلم طالبات کی ہراسانی کے خلاف  بھٹکل میں  مسلم طلبہ تنظیم نے سخت غصہ کا اظہار کرتے ہوئے  پرنسپال کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور اس تعلق سے  آج عصر بعد منی ودھان سودھا میں اپنا احتجاج درج کرتے ہوئے اے سی کے توسط وزیر اعلیٰ اور دیگر اعلیٰ افسران کو میمورنڈم پیش کیا ہے۔ جس کو بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے وصول کرتے ہوئے آگے بھیجنے کی یقین دہانی کی ہے۔ اس میمورنڈم میں دستور کی دفعہ 14اور25کا ذکر کرتے ہوئے طالبات کو   ان کے بنیادی حق سے محروم کرنے پر کڑی تنقید کی گئی ہےاور  اسے دستوری حق  کی سنگین خلاف ورزی  قرار دی گئی ہے۔ میمورنڈم میں دستور کی دفعات اور سپریم کورٹ کے حکم نامے کا حوالہ دیتے ہوئے  اسے اقلیتوں کے مذہبی عمل کو برقرار رکھنے میں مداخلت قرار دیا گیا ہے اور ساتھ ہی اس  رکاوٹ کو  مذہبی آزادی چھیننے کے مترادف کہا گیا ہے،  جبکہ میمورنڈ م میں طالبات کو کالج جانے اور تعلیم حاصل کرنے سے روکنا وزیر اعظم کے' بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ' کے نعرے کی بھی دھجیاں اڑانا کہا گیا ۔ میمورنڈم میں سرکاری کالج کے پرنسپال کے  اس عمل کو  جانب داری اور  تعصب سے بھرا ہوا رویہ قرار  دیتے ہوئے  ریاستی حکومت سے کالج کے پرنسپال کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ اس میمورنڈم کی نقل ریاستی وزیر داخلہ، اترکنڑا ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور ضلع ایس پی کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔ اس موقع پرپولس سرکل انسپکٹردیواکرسمیت پولس عہدیدارن موجود تھے۔ [embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=dXFDEXmL7cc[/embedyt]