Rains lash coastal districts of Karnataka: IMD predicts heavy rainfall
09:19PM Tue 20 May, 2025

بھٹکل: 20 مئی،2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو)ساحلی اضلاع میں بارش کے تعلق سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے چلتے بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹک کے اہم اضلاع اڈپی، مینگلور اور اترکینرا میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوگئی ہیں اور معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔
بھٹکل میں یو جی ڈی کام کے جاری رہنے کے سبب بارش کے بعد پانی کے بہاؤ سے کئی مقامات پر گڑھے بن گئے ہیں جس سے سڑکوں پر پیدل چلنے والوں اور سواریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر مخدوم کالونی کو آسار کیری سے جوڑنے والی اے پی جے عبدالکلام سڑک یو جی ڈی کام کے بعد خستہ ہونے سےوہاں سے گزرنے والےسواروں اور راہگیروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ اسی طرح بھٹکل کے نشیبی علاقوں میں بھی جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے وہاں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، جبکہ بھٹکل کے شمس الدین سرکل پر بھی پانی کے جمع ہونے سے ٹرافک نظام مٹاثر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
ادھر اُڈپی، منی پال اور گنگولی میں کئی مقامات پر سڑکیں ندی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ بارش کے پانی کی نکاسی کے ناقص انتظام کے باعث ٹریفک جام، گاڑیوں کی خرابی اور آمدورفت میں خلل کی متعدد شکایات موصول ہوئیں۔ منی پال میں سڑکوں پر جگہ جگہ پڑے گڑھوں اور پانی کی موجودگی نے راہگیروں کے ساتھ ساتھ گاڑی سواروں کو بھی شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا۔
عوام کا کہنا ہے کہ اگر یہی حال رہا تو آئندہ دنوں میں بارش کی شدت بڑھنے کے ساتھ ساتھ عوامی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوسکتا ہے۔ عوام نے بلدیہ اور متعلقہ پنچایت سے مطالبہ کیا ہے کہ نالیوں کی فوری صفائی، سڑکوں کی مرمت اور زیرِ تعمیر منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ برسات کے موسم میں عوام کو ریلیف مل سکے۔