Rabita education excellence award will be held on 16 July

08:14PM Sat 6 Jul, 2024

بھٹکل : 6 جولائی ،2024 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مختلف مقامات پر مقیم بھٹکل کے دسویں اور اس سے اوپر کے درجات کے ممتاز طلبہ کو تقریباً تیس سال سے دیا جانے والا معروف رابطہ تعلیمی ایوارڈ کا اجلاس 16 جولائی بروز منگل  انجمن آباد میں منعقد ہوگا جس کے دو سیشن ہونگے۔ اس کی اطلاع رابطہ سوسائٹی کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمٰن منیری نے اخباری کانفرنس کرکے دی۔

انہوں نے بتایا کہ انجمن آباد میدان میں منعقد ہونے والا یہ تعلیمی ایوارڈ پروگرام دو نشستوں پر منعقد ہوگا جس کی پہلی نشست صبح 10:00   بجے سے دوپہر 01:00بجے  تک  منعقد ہوگی جبکہ دوسری نشست بعد نماز عصر 04:30 بجے سے شام 07:00 بجے تک منعقد ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں بطور مہمان خصوصی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ترجمان حضرت مولانا سجاد نعمانی صاحب دامت برکاتہ تشریف لائیں گے جبکہ ریاستی وزیر و ضلع انچارج وزیر مسٹر منکال وئیدیا بھی اس اجلاس میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اس بار رابطہ ایوارڈ میں  جملہ 35ایوارڈس ہیں  جس کے تحت مختلف میدانوں میں ممتاز طلبہ، اساتذہ اور اسکول کو انعامات دیے جائیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر خلیج کی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور عوام کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

پریس کانفرنس میں بی ایم جے ڈی  کے جنرل سکریٹری جناب جیلانی محتشم، بی ایم کے سی کے محاسب جناب طہ معلم اور بی ایم کے سی کے خازن جناب یاسر قاسمجی موجود تھے۔