Rabita education excellence award ceremony will be held on 24 July 2025

06:46PM Thu 3 Jul, 2025

بھٹکل : 03 جولائی،2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل رابطہ سوسائٹی کی طرف سے گزشتہ تین دہائیوں سے مختلف تعلیمی میدانوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے طلبہ کو دیا جانے والے با وقار' رابطہ تعلیمی ایوارڈ'  کی تقریب ان  شا ء اللہ 24 جولائی ،2025 کو  اسلامیہ اینگلو ہائی اسکول سے متصل انجمن میدان میں منعقد ہوگی ۔ اس کی اطلاع رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمٰن منیری نے رابطہ سوسائٹی میں منعقد اخباری کانفرنس میں  میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئےدی  ۔انہوں نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب دو نشستوں  پر مشتمل ہوگی جس میں پہلی نشست صبح  میں منعقد ہوگی اور دوسری نشست بعد نماز عصر منعقد ہوگی جبکہ اس باوقار تقریب میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسراورآل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے انتظامی رکن ڈاکٹر سعود عالم مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گےاور  ریاستی وزیر و ضلع اُترکنڑا کے انچارج منکال وئیدیا اعزازی مہمان ہوں گے۔

انہو ں نے اس ایوارڈ کا مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ دسویں، پی یو سی ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر 95 فیصد یا اس سے زائد نمبرات کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل  کرنے والے طلبہ کی ہمت افزائی کے لیے دیا جاتا ہے۔  اس سے ایک طرف ممتاز طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے تو دوسری طرف پیچھے آنے والے دیگر طلبہ کو اس سے حوصلہ اور شوق ملتا ہے۔

اس موقع پر  ایوارڈ کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے رابطہ تعلیمی ایوارڈ کمیٹی کے کنوینر مولوی صابرعلی اکبرا نے بتایا کہ بھٹکل کے قومی و ملی اسکولوں کے دسویں جماعت کے 95 فیصد اور اس سے زائد مارکس حاصل کرنے والے تین ٹاپرس اور بارہویں جماعت کے آرٹس، سائنس اور کامرس کے 95 فیصد یا اس سے زائد مارکس کے ساتھ کامیاب ہونے والے ایک ایک ٹاپر کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اسی طرح گریجویٹ میں بی اے، بی کام، بی ایس سی، بی بی اے، بی سی اے، بی بی ایم، بی ایڈ اور پوسٹ گریجویشن کے ایک ایک ٹاپر کو بھی منتخب کیا جائے گا۔

 علاوہ ازیں، خلیجی ممالک اور اندرون ہند کے مختلف شہروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے ساتھ ساتھ جامعہ اسلامیہ اور جامعۃ الصالحات اسی طرح کینرا مسلم خلیج کونسل کے ماتحت آنے والے اسکول و کالج کے امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونے والے ہونہار طلبہ کو بھی رابطہ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ جن کے لئے مارکس کی علیحدہ کیٹیگریس ترتیب دی گئی ہے۔ اسی طرح ضلع اُترکنڑا میں سے سے ٹاپ کرنے والے ایک اسٹوڈینٹ کو بھی رابطہ کے خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ مولوی صابر علی اکبرا نے بتایا کہ کم و بیش 35 طلبہ کو رابطہ ایوارڈ سے نوازے جانے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی بیسٹ (ملّی) اسکول اور بیسٹ ٹیچر کو بھی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

اس اخباری کانفرنس کا اختتام بھٹکل مسلم جماعت مسقط کےصدر ایم جے نثار  کے شکریہ کلمات پر ہوا ۔