کل ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل: سخت حفاظتی انتظامات۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر نے عوام سے کی پولنگ میں حصہ لینے کی اپیل
04:28PM Tue 9 May, 2023

بھٹکل: 9 مئی،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست بھر میں کل 10 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کو پر امن طور پر مکمل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جس کے بعد ریاست بھر میں 2613 امیدواروں کی قسمت کے لیے اسٹیج تیار ہوچکا ہے ۔ریاست بھر میں کل ایک ہی مرحلہ میں ہونے والے انتخابات کی کارروائی صبح سات بجے سے شروع ہوگی۔
بھٹکل میں بھی اس تعلق سے تمام تیاریاں مکمل ہونے کی جانکاری اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے میڈیا کو دی ہے اور کہا ہے کہ پولنگ اہلکاروں کو مختلف پولنگ مشینوں کے ساتھ پولنگ مراکز میں روانہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے عوام سے اپنا ووٹ ضائع نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے پولنگ میں حصہ لینے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھٹکل - ہوناور ودھان سبھا حلقہ میں جملہ 248 پولنگ بوتھس ہیں جن میں 2,22708 ووٹرس اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے والے ہیں جن میں 1,12988 مرد اور 1,09729 خواتین رائے دہندگان ہیں ۔ پورے حلقہ میں پرامن پولنگ کے لئے انتظامیہ کی طرف سے مناسب مقدار میں افسران اور پولیس کا بندوبست کیے جانے کی بھی انہوں نے خبر دی ۔



