سپریم کورٹ نے ملتوی کیا دہلی کے میئر کا الیکشن، ووٹنگ کے حق کو لے کر کہی یہ بڑی بات
12:08PM Mon 13 Feb, 2023
نئی دہلی : دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب اب 16 فروری کو نہیں ہوگا۔ عدالت عظمی اب اس معاملہ کی سماعت 17 فروری کو کرے گی۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ آئینی دفعات سے یہ بات واضح ہے کہ نامزد کونسلروں کو میئر کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نامزد کونسلر (ایلڈرمین) میئر کے انتخاب میں ووٹ نہیں دے سکتے ہیں۔ آئین میں اس بارے میں پوری وضاحت موجود ہے۔ وہیں اے ایس جی سنجے جین نے عدالت میں کہا کہ 16 فروری کو انتخابات ہو رہے ہیں، لیکن ہم ایلڈرمین کے ووٹ ڈالنے کے معاملہ پر بحث کرنا چاہتے ہیں ۔
عام آدمی پارٹی کی جانب سے منو سنگھوی نے کہا کہ انتخابات ہونے چاہئیں۔ وہیں چیف جسٹس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نامزد کونسلرز ووٹ نہیں دے سکتے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر کے وکیل نے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ میں تفصیلی سماعت کی جانی چاہئے۔ سنگھوی نے عدالت کو بتایا کہ اتوار کی شام دہلی کے وزیر اعلیٰ کو معلوم ہوا کہ 16 فروری کو انتخابات ہیں۔ اب اس معاملہ کی سپریم کورٹ میں سماعت 17 فروری کو ہوگی ۔
اس سے پہلے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے 16 فروری کو دہلی کے میئر، ڈپٹی میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کے لئے انتخابات کرانے کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ ایل جی سکسینہ نے کہا تھا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کی سفارش کے مطابق میں نے دہلی میونسپل کارپوریشن کی میٹنگ جمعرات 16 فروری کو ڈاکٹر ایس پی مکھرجی سوک سینٹر میں میئر، ڈپٹی میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے چھ ممبران کے انتخاب کیلئے منعقد کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔
اس سے پہلے دہلی حکومت اور ایم سی ڈی نے میئر، ڈپٹی میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کی تاریخ 16 فروری مقرر کی تھی۔ اس تجویز کو حتمی منظوری کے لئے دہلی کے ایل جی کے پاس بھیجا گیا تھا۔ بتا دیں کہ اس سے قبل ہنگامہ آرائی کی وجہ سے دہلی کے میئر کے انتخاب کی کوششیں تین مرتبہ ناکام ہو چکی ہیں۔