بھٹکل میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر بھٹکل میں جے ڈی ایس  کی اخباری کانفرنس

12:05PM Tue 21 Jul, 2020

بھٹکل: 21 جولائ 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں کورونا کی صورت حال پر قابو پانے اور اس تعلق سے ہورہی چند گڑبڑیوں  کو درست کرنے کے لیے آج صبح سرکیوٹ ہاؤس میں جنتادل (سیکولر) کی پریس کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس موقع پر جے ڈی ایس کے بھٹکل تعلقہ صدر جناب عنایت اللہ شابندری صاحب نے مینگلورو کی طرح بھٹکل میں بھی پوزیٹیو مریضوں کو گھر میں ہی رکھ کر علاج کرنے کی سہولت دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کورونا سے مرنے والوں کی میتوں کو اہل خانہ کے حوالہ کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان میت کا بھی بڑا احترام کرتے ہیں اور اس کی تجہیز و تکفین میں حصہ لینے کو کار ثواب سمجھتے ہیں، موصوف نے یہ بھی کہا کہ بھٹکل کے جو لوگ بھی کورونا سے دوسرے اضلاع میں وفات پارہے ہیں انہیں بھٹکل لانے اور یہاں پر ہی تدفین کیے جانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام باتوں کی جانکاری ضلع انچارج وزیر مسٹر شیورام ہیبار سمیت کرناٹک اقلیتی  کمیشن کے چیرمین،  مقامی ایم ایل اے اور دیگر افراد کو دی گئی ہے۔ عنایت اللہ شابندری صاحب نے صحافیوں کے سامنے مرکزی حکومت کی کورونا کے تعلق سے دی گئی ہدایات کو تقسیم کیا اور کہا کہ ہمارے ضلع میں اس پر عمل نہیں ہورہا ہے۔ جے ڈی ایس لیڈر نے اس موقع پر بھٹکل کے عوام کو کہا کہ وہ اس بیماری سے نہ ڈریں بلکہ کسی بھی علامت کے ظاہر ہونے سے فوری طور پر سرکاری اسپتال جاکر جانچ کرائیں کیوں کہ اس سے ان کے ساتھ ساتھ بہت سے دوسرے لوگ بھی محفوظ رہیں گے۔ اس پریس کانفرنس میں جے ڈی ایس کی طرف سے بھٹکل میں لاک ڈاؤن کے اوقات میں کمی کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی اور کہا گیا کہ اوقات میں کمی کی وجہ سے بازاروں میں بھیڑ زیادہ ہورہی ہے جس کی وجہ سے سوشیل ڈسٹنسگ اور دیگر چیزوں پر عمل نہیں ہوپاتا ہے۔