ریاستی حکومت نے ویکینڈ کرفیو کو کیا منسوخ: رات کا کرفیو رہے گا باقی

10:24AM Fri 21 Jan, 2022

بینگلورو: 21 جنوری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو(کرناٹک میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ کے باوجود اس کے بہت ہی کمزور اثرات کے سبب ریاستی حکومت نے کرناٹک بھر میں نافذ ویک اینڈ کرفیو کو ختم کرنے کا اعلان کردیا -البتہ رات میں 10بجے سے صبح5بجے تک نافذ رات کا کرفیو برقرار رہے گا- جمعہ کی دوپہر وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کی صدارت میں ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ویک اینڈ کرفیو کو ختم کردینے کا فیصلہ لیا گیا- اس کرفیو کو ہٹاکر عوام کو راحت فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی پر کئی حلقوں بشمول وزراء اور بی جے پی کے سینئر اراکین اسمبلی کی طرف سے بھی شدید دباؤ تھا -اس لئے جمعہ کے روز انہوں نے اس سلسلہ میں ماہرین کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور اس میں فیصلہ لیا گیا - میٹنگ کے فوری بعد ریاستی وزیر برائے محصولات آر اشوک اور وزیر داخلہ ارگا گیانیندرا نے حکومت کی طرف سے ویک اینڈکرفیو ختم کرنے کے فیصلہ کا اعلان کیا اور کہا کہ کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ اگر حالات اور پیچیدہ ہوئے تو جو راحت دی جا رہی ہے اس پر نظر ثانی کی جائے گی- آنے والے دنوں میں اور بھی میٹنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا -اشوک نے بتایا کہ حکومت نے سائنٹفک بنیاد پر غور و خوص کے بعد ہی ویک اینڈ کرفیو کو ختم کرنے کا فیصلہ لیا ہے- رات کا کرفیو اور کورونا کو روکنے کیلئے حکومت کی طرف سے جود یگر پابندیاں نافذ ہیں وہ برقرار رہیں گی- اشوک نے کہا کہ کووڈ کیسوں میں اضافہ کے باوجود اسپتالوں میں کووڈ مریضوں کی بھرتی کا اوسط5فیصد سے بھی کم ہے - اس کے باوجود حکومت نے اسپتالو ں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے- کسی بھی حالت میں کووڈ مریضوں کے معاملہ میں اسپتالوں کی طرف سے غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ حکومت نے شادیوں اور دیگر تقریبات میں مہمانوں کی تعداد پر پابندی لگاتے ہوئے جو ضابطے نافذ کئے ہیں ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے - ہوٹلوں، بارس، پبس، شاپنگ مالس وغیرہ میں 50:50کا جو ضابطہ لگایا گیا ہے وہ برقرار رہے گا- ویک اینڈ کرفیو کے خاتمہ کے ساتھ ہی اب عوام کو ہوٹلوں میں ہفتہ اور اتوار کو اندر بیٹھ کرکھانے کی اجازت ہو گی-اسی دوران ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیم بی سی ناگیش نے بتایا کہ شہر بنگلورو میں کورونا کے کیسو ں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ کا رجحان چونکہ برقرار ہے اس لئے ریاستی حکومت نے طے کیا ہے کہ راجدھانی میں اسکولوں کو29جنوری تک بند ہی رکھا جائے- البتہ بنگلور و کو چھوڑ کر ریاست کے باقی اضلاع میں اسکول کھول دئیے جائیں گے -کووڈ پابندیوں میں تبدیلی پر مشتمل تازہ ضابطہ میں اس بات کو دہرایا گیا ہے کہ سیاسی، سماجی اورمذہبی ریالیوں، دھرنوں،جلسوں وغیرہ پر پابندی برقرار رہے گی- شادیوں کے اہتمام کی مشروط اجازت دی گئی ہے- اگر بند ہال میں تقریب ہو رہی ہے تو 100لوگ اور کھلے میدان میں ہو رہی ہے تو200لوگ حصہ لے سکتے ہیں - کرناٹک کی گوا، تمل ناڈدو، کیرلا اور مہاراشٹرا سرحدوں پر آنے جانے والے مسافروں کی سخت نگرانی جا ری رکھی جائے گی - بنگلورو میں حالات پر نظر رکھ کر ضابطہ میں مناسب ترمیمات کرنے کا بی بی ایم پی کے چیف کمشنر گورو گپتا کو اختیار دیا گیا ہے-