نفرت کا کاروبارجاری،اب بنگلور میں بھی مسلمانوں کا تجارتی بائیکاٹ

03:27PM Thu 24 Mar, 2022

اپارپیٹ کے قریب آنجانیامندرکے پاس مسلم تاجروں کی دکانیں زبردستی بند کرائی گئیں،دکانیں خالی کرانے کی دھمکی بنگلورو-23مارچ (سالارنیوز)"دی کشمیر فائلز" کا برا اثر ریاست کرناٹک میں نظر آنا شروع ہوگیا ہے- ریاست کے ساحلی علاقوں تک محدود مسلمانوں کا تجارتی بائیکاٹ آج ریاست کی راجدھانی بنگلورو تک بھی پہنچ گیا۔ شہر کے اپار پیٹ اور اس کے آس پاس موجود مسلمان تاجروں کی دکانوں کو شام میں زبردستی بند کروادیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ اپار پیٹ پولیس تھانے کی حدود میں آنے والے آنجا نیا مندر کے آس پاس موجود دکانوں میں سے مسلمان تاجروں کی دکانوں کو ہندو شدت پسند تنظیموں کے کارندوں نے نہ صرف زبردستی بند کروایا بلکہ ان دکانداروں کو وارننگ دی ہے کہ وہ اپنی دکانیں فوراً خالی کردیں -بتایا جاتا ہے کہ ان کارندوں نے کہا کہ یہ دکانیں چونکہ مندر کی زمین پر ہیں، اس لئے یہ ضابطہ ہے کہ ان دکانوں کو کسی غیر ہندو کو نہیں دیا جاسکتا،اس لئے ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ان دکانوں کو فوراً بند کردیں - ایک ہندو کارکن نے بتایا کہ ان دکانوں کو خالی کروانے کی کوشش کافی عرصے سے جاری تھی، مقامی تحصیلدار کی طرف سے بھی ان دکانداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ دکانیں خالی کردیں، لیکن تاجروں نے مہلت طلب کی تھی، اب مہلت دینے کا سوال ہی نہیں آٹھتا-ان کارکنوں کا کہنا ہے کہ بند کی گئی دکانوں کو دوبارہ کھولنے کا موقع ہرگز نہیں دیا جائیگا-