بھٹکل کے جاسر ایس ۔کے کی   ریاستی فٹبال ٹیم میں شمولیت: ‎ قومی سطح پر کریں گے ریاست کی نمائندگی

04:10PM Tue 31 May, 2022

بھٹکل: 31 مئی ،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے جاسر ابن عبدالجامع ایس ۔کے قومی سطح کے کھیلو  انڈیا   فٹ بال مقابلوں میں کھیلنے کے لیے  ریاست کرناٹک کی انڈر-18 فٹ بال ٹیم میں شامل کر لیے گئے ہیں جو کہ غالبا اترکینرا ضلع سے ایسا موقع پانے والے  پہلے کھلاڑی ہیں۔ خیال رہے کہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2021-2022  کے  یہ مقابلے  ہریانہ کے پنچکولہ میں 3 جون سے 13 جون 2022 تک منعقد ہوں گے۔ جاسر ایس ۔کے کی بات کی جائے تو وہ  فٹ بال میں کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ کے یونیورسٹی بلیو کھلاڑی  رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کرناٹک اسٹیٹ فٹ بال ایسوسی ایشن (KSFA) کے بینر تلے منعقد ہونے والے ایک  مقابلے  میں وہ  اتر کینرا ضلع  کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ  بھی  حاصل کرچکے ہیں اور  ساتھ ہی  تعلقہ و ضلع سطح کے کئی ایک مقابلوں میں اپنے جوہر دکھا چکے ہیں ۔ جاسر بھٹکل میں مقامی طور پر  فٹ بال کی مشہور ٹیم بیفا کی نمائندگی  کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ انہیں اس مقام تک پہنچانے میں بیفا ٹیم کے اہم ذمہ دار معاویہ محتشم کا کافی رول رہا ہے ۔ ادارہ بھٹکلیس ان کو اور ان کے والدین و کوچ کو مبارکباد دیتا ہے اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو مزید ترقی سے نوازے ۔ آمین