'عمران خان کو سرعام دی جائے پھانسی'، پاکستان کی پارلیمنٹ میں کیا گیا مطالبہ ، چیف جسٹس پر بھی کارروائی کی تیاری
04:14PM Mon 15 May, 2023
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری اور ضمانت کے بعد سے لے کر آج تک پاکستان میں ہنگامہ آرائی جارہی ہے ۔ یہاں کی سیاسی پارٹیاں آمنے سامنے ہیں اور لوگ سڑکوں پر ہیں ۔ پاکستان کی پارلیمنٹ میں آج پی ٹی آئی سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو پھانسی دئے جانے کا مطالبہ کیا گیا ۔ قومی اسمبلی میں برسراقتدار اتحاد میں شامل آصف علی زرداری کی پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ راجہ ریاض احمد خان نے عمران خان کو پھانسی دئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہودیوں کے ایجنٹ کو سرعام پھانسی دی جانی چاہئے ، لیکن عدالتیں ان کا ایسا خیرمقدم کررہی ہیں، جیسے وہ ان کے داماد ہوں ۔
اس کے ساتھ ہی قومی اسمبلی نے پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے کمیٹی کی تشکیل دینے کو لے کر بھی ایک تجویز پاس کی ہے ۔ اس معاملہ میں پارلیمنٹ میں مذمتی تحریک لائی جاسکتی ہے ۔
ادھر عمران خان کی رہائی کے خلاف پی ڈی ایم نے سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج شروع کردیا ہے ۔ اتنا ہی نہیں مشتعل بھیڑ نے وہاں اپنا کیمپ لگا لیا ہے ۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کئی پارٹیوں سے مل کر بنا اتحاد ہے ۔ اس میں پاکستان مسلم لیگ نواز، جمعیت علما اسلام فضل اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت کئی پارٹیاں شامل ہیں ۔
برسراقتدار اتحاد کی پارٹیوں کی جانب سےعمران کی 'حمایت' کرنے پر عدلیہ کے خلاف محاذ کھول دیا گیا ہے ۔ پاکستان کے برسراقتدار اتحاد میں شامل ایک اسلامی پارٹی نے کئی معاملات میں سابق وزیراعظم عمران خان کو مبینہ طور پر 'راحت' دینے کو لے کر سپریم کورٹ سمیت ملک کی عدلیہ کے خلاف پیر کو احتجاج کیا۔