مینگلورو ملالی مسجد کی انتظامیہ نے عدالت سے وی ایچ پی کی عرضی خارج کرنے کا  کیا مطالبہ

01:25PM Tue 31 May, 2022

مینگلورو: 31 مئی ،2022 (آئی اے این ایس)  مینگلورو میں واقع  ملالی مسجد تنازعہ پر مسجد انتظامیہ نے مقامی عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وی ایچ پی کی عرضی کو خارج کر دیا جائے۔ وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے منگلورو کے نزدیک واقع ملالی میں جمعہ کے روز مسجد کا سروے کرانے کے لئے ایک کورٹ کمشنر کی تقرری کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالت کا رخ کیا تھا،  اسے چیلنج کرتے ہوئے مسجد انتظامیہ کمیٹی نے عرضی دائر کی ہے۔ ایڈیشنل سول کورٹ تھرڈ اس معاملہ پر سماعت کرنے جا رہا ہے۔ عدالت اس بات پر فیصلہ لے سکتی ہے کہ یہاں سروے کرایا جائے یا نہیں۔ دریں اثنا مرکزی وزیر مملکت شوبھا کرندلاجے نے منگل کے روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے  کہا کہ ملک میں تاریخی غلطیوں کو درست کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ اس سلسلے میں ہورہی  پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ‘‘اس بات پر بحث ہونی چاہیے کہ کون سی عمارتیں ہندوؤں کی ہیں۔ اگر ہر کوئی اس بارے میں سوچے تو سب ایک ساتھ رہ سکتے ہیں۔’’  انہوں نے مزید کہا  کہ ‘‘ہمارے بزرگوں کے دور میں غلطیاں ہوئی ہیں۔ مورخین اور آثار قدیمہ کے ماہرین کو حقائق معلوم کر کے رہنمائی کرنی چاہیے کہ کیا غلط ہے اور کیا صحیح’’۔ خیال رہے کہ 21 اپریل کو یہ دعوی کیا گیا تھا  کہ ملالی مسجد کی تزئین کے دوران مندر کی باقیات برآمد ہوئی ہیں۔ اس پر پیدا ہونے والے تنازعہ کے بعد عدالت نے مسجد انتظامیہ کو کام روکنے کا حکم دیا تھا۔