کرناٹک ایم ایل سی انتخابات: بی جے پی نے ایڈی یورپا کو دیا جھٹکا

11:59AM Tue 24 May, 2022

بینگلورو: 24 مءی،2022 (ذرائع) کرناٹک میں قانون ساز کونسل کے آئندہ دو سالہ انتخاب کے لیے منگل کو بی جے پی نے اپنے پانچ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فہرست کو سابق وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کے لیے ایک بڑے جھٹکے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ ان کی تمام کوششوں کے باوجود بی جے پی نے ان کے بیٹے وجیندر کو امیدوار نہیں بنایا ہے۔ ایسے میں ایڈی یورپا کی ناراضگی کی خبریں باہر آنے لگی ہیں۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور دفتر انچارج ارون سنگھ نے امیدواروں کی فہرست جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے کرناٹک سے قانون ساز کونسل کے آئندہ دو سالہ انتخاب کے لیے لکشمن سنگپا سوادی، چلوادی نارائن سوامی، ہیم لتا نایک اور ایس کیشو پرساد کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے علاوہ بی جے پی نے کرناٹک قانون ساز کونسل کے ٹیچر انتخابی حلقہ سے ہونے والے دو سالہ انتخاب کے لیے بسوراج ہوراٹی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اراکین اسمبلی کے ذریعہ منتخب کرناٹک قانون ساز کونسل کے 7 اراکین کی مدت کار 14 جون 2022 کو ختم ہو رہی ہے۔ ان سیٹوں پر انتخاب کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ 24 مئی یعنی آج ہی ہے۔ ان ساتوں سیٹوں پر 3 جون کو انتخاب ہونا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کرناٹک قانون ساز کونسل کے لیے دو گریجویٹ اور دو ٹریچر انتخابی حلقہ میں بھی دو سالہ انتخاب ہونا ہے۔ ان چاروں سیٹوں کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ 26 مئی ہے اور ان پر 13 جون کو انتخاب ہونا ہے۔