سابق مرکزی وزیر سی ایم ابراہیم کی  دیوے گوڑا اور کمار سوامی سے ملاقات: ریاست کی سیاست میں نئی ہلچل کی امید

03:57AM Tue 15 Dec, 2020

بینگلورو: 15 دسمبر، 20 (ذرائع)  کرناٹک کی سیاست میں سابق مرکزی وزیر سی ایم ابراہیم کے متعلق جاری چہ میگوئیوں پر سے اب پردہ اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ کانگریس کے موجودہ رکن کونسل سی ایم ابراہیم نے اب جے ڈی ایس کی جانب قدم بڑھایا ہے۔ جی ہاں، سی ابراہیم نے بنگلورو میں کل پیر کو سابق وزیر اعظم اور جے ڈی ایس کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا سے ملاقات کی۔ اس اہم میٹنگ میں سابق وزیر اعلی اور جے ڈی ایس کے لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی بھی موجود تھے۔ اس اہم ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی ایم ابراہیم نے گھر واپسی کا اشارہ دیا۔ سی ایم ابراہیم نے کہا کہ وہ اور دیوے گوڑا باپ بیٹے کی طرح ہیں۔ کیا باپ بیٹے کو کبھی منع کر سکتا ہے؟ اس موقع پر سی  ایم ابراہیم نے کانگریس پارٹی پر مسلم لیڈروں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ سی ایم ابراہیم نے کہا کہ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے بینر میں کوئی مسلم چہرہ کیوں نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں ریاست میں کئی اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات ہوئے لیکن انہوں نے انتخابی تشہیر میں حصہ نہیں لیا۔ ضمنی انتخابات میں کانگریس کی شکست کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سی ایم ابراہیم نے کہا کہ ان انتخابات کے نتائج کیا ہوئے، سب لوگ اچھی طرح سے جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے موجودہ سیاسی حالات میں کوئی بھی پارٹی یہ دعوٰی نہیں کر سکتی کہ اسے آنے والے دنوں میں اکثریت حاصل ہوگی۔   کانگریس میں رہیں گے یا نہیں؟ اس سوال پر سی ایم ابراہیم نے کہا کہ وہ ریاست کا دورہ کرینگے۔ عوام سے ملاقاتیں کریں گے، اس کے بعد حتمی فیصلہ لیں گے۔ دوسری جانب جے ڈی ایس کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا کہ سی ایم ابراہیم نے ان کی پارٹی کی جانب ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔ ریاست کا دورہ کرنے کے بعد کسی فیصلہ پر پہنچنے کی بات کہی ہے۔   سی ایم ابراہیم سال 2018 میں کانگریس پارٹی کی جانب سے ایم ایل سی منتخب ہوئے ہیں۔ بحیثیت ایم ایل سی انکی میعاد ابھی تقریبا تین سال باقی ہے۔ اب اچانک جے ڈی ایس کی جانب قدم بڑھائے جانے کے بعد ریاست کی سیاست میں ایک نئی ہلچل دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ دوسری جانب جے ڈی ایس گزشتہ چند سالوں سے کسی ایک بڑے مسلم چہرے کی تلاش میں تھی۔ سیاسی گلیاروں میں یہ بات کہی جارہی ہے کہ جے ڈی ایس سی ایم ابراہیم کو بڑا عہدہ دیتے ہوئے انہیں پارٹی کا مسلم چہرہ بنا سکتی ہے۔ بے باک مقرر، طنز و مزاح کیلئے مشہور چاند محل ابراہیم  کنڑ، اردو اور انگریزی زبانوں میں اپنی تقریروں کیلئے کافی  مشہور ہیں۔ جنتا دل پارٹی سے انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ جنتا دل پارٹی سے کانگریس میں شامل ہوئے۔ کانگریس سے دوبارہ جنتا دل میں داخل ہوئے۔ 1996 میں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی کابینہ میں مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی، انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ کے وزیر رہے۔ اس وقت آپ وزیر اعظم دیوے گوڑا کی پانچ رکنی سیاسی امور کمیٹی کے رکن بھی رہے۔ مولانا ابوالکلام آزاد کے بعد اس اہم کمیٹی میں رکنیت پانے کا اعزاز سی ایم ابراہیم کو حاصل ہے۔