کرناٹکا جن چئیتنا یاترا کے چلتے کے آر ایس پارٹی  کے صدر کا بھٹکل دورہ : رشوت خوری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا ظاہر کیا عزم

04:36PM Thu 25 Aug, 2022

بھٹکل: 25 اگست، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  کرناٹکا راشٹر سمیتی (کے آر ایس) پارٹی کی طرف سے ریاست میں جاری کرناٹکا جن چئیتنا یاترا کے تیسرے مرحلے کے طور پر پارٹی کے ریاستی صدر روی کرشنا ریڈی نے آج بھٹکل کا دورہ کیا اور مختلف سرکاری دفاتر  کا دورہ کرتے ہوئے  وہاں عوام کے لیے پینے کے پانی کی سہولت،  بیت الخلاء غیرہ کی سہولت  کا معائنہ کرتے ہوئے صورتحال معلوم کی  جس کے بعد انہوں نے تحصلدار دفتر میں بہت سی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک میمورنڈم بھی پیش کیا ۔ انہوں نے اس موقع پرصحافیوں سے بات کرتے ہوئے ریاست میں رشوت خوری کا بازار گرم ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاست میں ہر ایک پارٹی رشوت خوری میں لگی ہوئی ہے یہاں اوپر سے نیچے تک ہر ایک رشوت خور بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے انتخابات کے وقت عوام کو جھانسہ دی جانے والی سیاسی پارٹیوں کی کارستانیوں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی پارٹیا ں انتخابات میں پانی کی طرح پیسے بہاتی  ہیں اور انتخابی نتائج میں جیت حاصل کرتی ہیں   لیکن اس کے بعد جب وہ جیت جاتی ہیں تو  تمام انتخابی وعدوں  پر پانی پھیر جاتا ہے اور سب رشوت خوری کے پیچھے پڑ کر عوام کے لیے ترقیاتی کام کرنا بھول جاتی ہیں  ۔ انہوں نے  کہا کہ ان کی پارٹی رشورت خوری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کھڑی ہوئی ہے اور وہ آئندہ انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑا کرے گی جو نہ رشوت لیں گے اور نہ انتخابات کے وقت پیسہ دیں گے بلکہ صرف ترقی کے نام پر ووٹ حاصل کریں گے۔ انہوں نے اپنے اس دورے میں موگیر سماج کی طرف سے جاری دھرنے میں بھی حاضری دی  اور اپنی طرف سے حمایت کرنے کی یقین دہانی کی ۔