بینگلورو میں نہیں ہوگی لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع: ریاستی وزیر داخلہ کا بیان
02:57PM Sun 19 Jul, 2020
بینگلورو: 19 جولائی 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی وزیر داخلہ بسوراج بومائی نے بینگلورو میں چل رہے ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع نہیں کیے جانے کی بات کہی ہے۔
خیال رہے کہ ریاست میں بینگلور اور دیگر مقامات میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن جاری ہے جو کہ بینگلور میں 21 جولائی منگل کو ختم ہونے والا ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ بسوراج بومائی نے کہا کہ ریاست میں اگرچہ دوسرے مقامات کے مقابلہ بینگلورو میں کورونا کے معاملات بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے ایک ہفتہ کا لاک ڈان نافذ کیا گیا ہے تاہم اس میں مزید توسیع کیے جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کو روکنے کے لیے بینگلور میں تمام عوامی مقامات پر سینٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ ریاست میں کورونا کے معاملات میں ہر دن ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے جن میں بڑی تعداد بینگلورو سے سامنے آرہی ہے۔ محکمہ صحت کی جانکاری کے مطابق سنیچر کو یہاں ایک ہی دن میں 4537 نئے معاملات سامنے آئے ہیں اور 93 افراد کی موت واقع ہوگئی ہے۔