بھٹکل میں ویلفئیر پارٹی نے دیا پر ی میٹرک  اسکالرشپ کو نویں اور دسویں تک محدود کرنے کے خلاف  صدر ہند کو میمورنڈم

01:33PM Wed 30 Nov, 2022

بھٹکل: 30 نومبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) پری-میٹرک اسکالرشپ، جو کہ ابھی تک میٹرک سے نیچے کے طالب علم کو ملتی تھی ، اسے نویں اور دسویں درجہ تک محدود کرنے کا اعلان گذشتہ روز مرکزی حکومت کی طرف سے کیا گیا تھا۔ اس نوٹس کے بعد سے ہی مسلم تنظیمیں فکر مندی کا اظہار کر رہی تھیں۔ اسی کے چلتے آج بھٹکل میں ویلفئیر پارٹی آف انڈیا نے صدر ہند کے نام میمورنڈم سونپا ہے جس میں پری میٹرک اسکالرشپ کو دوبارہ آٹھویں تک کے طلبہ کے لیے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ  مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور نے جاری نوٹس میں کہا ہے کہ درجہ اول سے آٹھویں تک تعلیم کو ’ایجوکیشن ایکٹ 2009‘ کے ذریعہ لازمی قرار دیا گیا ہے اور ہر بچہ کو ان درجات میں حکومت مفت تعلیم فراہم کرے گی۔ اس لیے اب ان درجات کے بچوں کو پری میٹرک اسکالرشپ نہیں دی جائے گی۔ اس نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات اور قبائلی امور کی وزارت نے مذکورہ درجات کے بچوں کو اسکالرشپ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت برائے اقلیتی امور نے بھی پری میٹرک اسکالرشپ صرف نویں اور دسویں درجہ تک محدود رکھے گی۔   قابل ذکر ہے کہ پری میٹرک اسکالرشپ پہلے چھٹی جماعت سے دسویں جماعت تک کے بچوں کو دیا جاتا تھا۔ اس کے تحت 500 روپے سالانہ داخلہ فیس اور 350 روپے ٹیوشن فیس کی شکل میں دی جاتی تھی۔ علاوہ ازیں درجہ اول سے پانچویں تک کے بچوں کو 100 روپے ماہانہ اسکالرشپ دی جا رہی تھی اور چھٹی جماعت سے دسویں جماعت کے بچوں کو 600 روپے ماہانہ دیا جا رہا تھا۔ یہ اسکیم یو پی اے حکومت میں 08-2007 میں مسلمانوں کی معاشی پسماندگی کے پیش نظر ان میں تعلیم کے فروغ کے لیے شروع کی گئی تھی جس سے دیگر اقلیتیں بھی مستفید ہو رہی تھیں۔ اس موقع پر آج ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ضلعی صدر جناب فاروق صاحب، نائب صدر جناب عبدالجبار اسدی صاحب،  انچارج سکریٹری  جناب قمر الدین مشائخ ،سینئر ممبر جناب صادق نوید اور دیگر حضرات موجود تھے۔