ٹوکیو اولمپکس کے جیولن تھرو میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے نیرج چوپڑا اپنے کوچ سے ملنے پہنچے سرسی: کوچ سے مل کر کیا خوشی کا اظہار
02:34PM Tue 24 Aug, 2021

سرسی: 24 اگست 21 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتھلیٹکس میں اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی نیرج چوپڑا آج اپنے سابق کوچ سے ملنے اور ان سے نیک خواہشات لینے کے لیے اتر کینرا ضلع کے سرسی آئے ہوئے تھے جہاں سرسی کے بینگلے پہنچ کر انہوں نے اپنے سابق کوچ کاشی نات نائک سے ان کے گھر میں ملاقات کی اور ان کے گھر والوں کے ساتھ وقت بتایا۔
خیال رہے کہ نیرج چوپڑا کو طلائی تمغہ ملنے کے بعد سرسی کا نام بھی سرخیوں میں آگیا تھا اس لیے کہ ان کے سابق کوچ کاشی نات نائک کا تعلق سرسی کے بینگلے سے ہے۔شری کانت نے نیرج چوپڑا کی صلاحیتوں کو پہچان کر 2015 سے 2017 تک تین سال پٹیالہ میں ان کی تربیت کی تھی اور بھالا( جویلین) پھینکنے میں ان کو ماہر بنا دیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد نیرج چوپڑا اپنے کوچ سے ملنے آج سرسی آئے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپک کے سولہویں دن ہندوستان کے اسٹار جیولن تھرووَر نیرج چوپڑا نے ملک کو فخر کرنے کا ایک ایسا موقع فراہم کرایا تھا جسے تادیر یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے ٹوکیو اولمپک میں ہندوستان کی جھولی ’گولڈ‘ سے بھر دی تھی۔ نیرج چوپڑا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اتھلیٹکس میں اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی ہونے کا فخر حاصل کر لیا تھا۔ نیرج چوپڑا نے فائنل مقابلے میں 87.58 میٹر دور بھالا (جویلین) پھینک کر یہ طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

