واٹس ایپ-فیس بک کے گروپ ایڈمن پڑھ لیں یہ خبر ورنہ پولیس کرے گی پریشان
04:19PM Wed 12 Apr, 2023
بلاسپور: سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر چیزیں تیزی سے وائرل ہوتی ہیں۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ فسادات جیسے سماج دشمن واقعات میں سوشل میڈیا اور واٹس ایپ کا بھی استعمال ہوتا ہے۔ ان کے ذریعے کئی بار ایسی باتیں، تصویریں یا ویڈیوز وائرل ہو جاتی ہیں، جس کی وجہ سے معاشرے میں جھگڑے یا دیگر مجرمانہ واقعات کا امکان ہوتا ہے۔ اس کو روکنے اور سماج کے لوگوں کو بیدار اور چوکنا کرنے کے لیے بلاس پور پولیس نے نوٹس جاری کرکے وارننگ دی ہے۔
بلاس پور پولس نے تمام سوشل سائٹس کے گروپ ایڈمن کو مطلع کیا ہے کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کے گروپس سے کوئی بھی غلط خبر، متنازعہ پوسٹ، متنازعہ باتیں، فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے متعلق چیزوں کو شیئر یا وائرل نہ کیا جائے۔ گروپ کے ممبران سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ کوئی بھی ایسا پیغام، پوسٹ یا ویڈیو نشر نہ کریں جس سے دو فریقوں کے درمیان تنازعہ پیدا ہو، دو گروپوں کے درمیان کشیدگی بڑھے یا کسی ذات کے درمیان دشمنی پھیلے۔
ایڈمن ہوگا ذمہ دار
اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو گروپ ایڈمن کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ان چیزوں کو نشر کرنے سے منع کرے۔ اگر گروپ کا ممبر راضی نہ ہو تو اسے فوراً گروپ سے نکال دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر مذکورہ ذمہ داری گروپ ایڈمن نے پوری نہیں کی تو اس کا ذمہ دار گروپ ایڈمن بھی ہوگا۔ گروپ ایڈمن کی ذمہ داری ہوگی کہ اس کے گروپ میں ایسی کوئی چیز یا پوسٹ وائرل نہ ہو، ورنہ ایڈمن بھی پولیس کی زد میں آ جائے گا۔
بیمترا تشدد کا معاملہ اب بھی گرم
بلاس پور پولس نے یہ اطلاع بیمترا میں مذہبی تشدد کے پیش نظر جاری کی ہے۔ بیمترا میں دو فریقوں کے درمیان تشدد کے بعد منگل کو قریبی گاؤں سے مزید دو لاشیں ملی ہیں۔ جس کی وجہ سے معاملہ مزید گرم ہو گیا ہے۔ بلاس پور پولس نے یہ اطلاع شہر میں اس طرح کی صورتحال کو روکنے کے لیے جاری کی ہے۔