ایشورپا کو وزارت سے ہٹانے اور غداری کا مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ لے کر بھٹکل میں کانگریس پارٹی نے دیا میمورنڈم
03:37PM Mon 21 Feb, 2022

بھٹکل: 21 فروری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ایشورپا نے کچھ روز قبل لال قلعے پر ترنگا کے بجائے بھگوا جھنڈا لہرانے کی بات کہی تھی جس کے بعد سے کانگریس پارٹی ان کے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں وزارت سے خارج کرنے کی مانگ کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں جہاں ریاست بھر میں کانگریس پارٹی کے کارکنان احتجاج اور دھرنے کرتے ہوئے میمورنڈم دے رہے ہیں وہیں دوسری طرف ودھان سودھا میں بھی کانگریس کے لیڈران چار دنوں سے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ایشورپا کو ہٹانے کی مانگ کر رہے ہیں۔
اسی کے چلتے آج بھٹکل میں بھی کانگریس پارٹی کے کارکنان نے تحصیلدار کے توسط گورنر کو میمورنڈم پیش کیا جس میں ان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اس معاملہ پر ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے اور انہیں ریاستی کابینہ سے برخاست کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔
تحصیلدار کی غیر موجودگی میں ان کے عملے نے میمورنڈم کو وصول کیا۔ اس موقع پر بھٹکل بلاک کانگریس صدر سنتو ش نائک، اقلیتی شعبہ کے ضلع صدر عبدالمجید ، راما موگیر، وشنو دیواڑیگا، مہابلیشور نائک سمیت کئی دیگر کانگریسی کارکنان موجود تھے۔