بھٹکل ٹاؤن  میونسپال عمارت پر اردو  میں نام  لگائے جانے کے  خلاف بھونیشوری  کنڑا سنگھا نے جتایا اعتراض: تحریر کو جلد از  جلد ہٹانے کا مطالبہ

03:25PM Mon 27 Jun, 2022

بھٹکل : 27 جون، 2022  (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل پرانے بس اسٹانڈ کے مقابل واقع  میونسپال کی عمارت پر آج اردو میں نام لگائے جانے کے خلاف  بھونیشوری کنڑا سنگھا نے اعتراض جتاتے ہوئے اس کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ۔ اطلاع کے مطابق آج میونسپال کی عمارت میں انگریزی، کنڑا اور اردو میں ٹاؤن میونسپال کونسل کا نام آویزاں کیا جارہا تھا کہ ادھر  سنگھا کے کچھ اراکین پہنچے اور اردو   میں نام لگائے جانے  پر اعتراض جتایا ۔انہوں نے اس موقع پر چیف افسر کو میمورنڈم سونپتے ہوئے کہا کہ ملک میں انگریزی، کنڑا اور ہندی کے سوا کسی اور زبان کی ضرورت نہیں پڑتی ہے  اگر کسی دوسری زبان کا استعمال کیا جائے گا تو پھر آگے  چل کر ہر زبان والا اپنی زبان میں نام لکھنے کا مطالبہ کرے گا جو کہ ناممکن ہو گا۔ سنگھا کی طرف سے میمورنڈم کے آخر میں جلد از جلد اس تحریر کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نہ ہونے کی صورت میں آئندہ دنوں میں دیگر کنڑا تنظیموں کو لے کر بڑے احتجاج کی دھمکی دی گئی ۔ اس موقع پر کنڑا سنگھا کے علاوہ سنگھ پریوار کے  ممبران،  بی جے پی اور  ہندو جاگرن ویدیکے کے کئی  کارکنان نے بھی  میونسپل عمارت کے باہر جمع ہوکر بورڈ سے اُردو  عبارت کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ ادھر دوسری طرف  سوشیل میڈیا پر اس کی خبر وائرل ہوتے ہی میونسپال کے قریب  لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی اور  اردو  میں لکھے نام کی حمایت میں بات کرتے ہوئے  بھٹکل میں بڑی تعداد میں اردو پڑھنے والے رہنے کی وجہ سے اردو میں نام  باقی رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ [caption id="attachment_235270" align="alignnone" width="600"] بھٹکل میونسپال کی پرانی عمارت[/caption] واضح رہے کہ پرانی میونسپال عمارت میں اب بھی اردو میں میونسپال کا نام موجود ہے ۔