مرکز عمر بن الخطاب  دبئی کے کفیل شیخ احمد ناصر کا انتقال

04:44PM Wed 8 Sep, 2021

دبئی: 08 ستمبر، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بی ایم جے ڈی دبئی کے زیر اہتمام قائم مدرسہ عمر ابن الخطاب کے کفیل شیخ احمد ناصر سالم صاحب طویل علالت کے بعد آج انتقال کرگئے ۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کے انتقال کی خبرنے بھٹکل سے تعلق رکھنے والے دبئی میں مقیم ہر شخص کو مغموم کردیا اور اس کے ساتھ قومِ نوائط اپنے ایک محسن سے محروم ہوگئی۔ وہ سن 1992 عیسوی  میں بی ایم جے ڈی کے تحت قائم مدرسہ  کی سرپرستی کو قبول کرتے ہوئے اس کے کفیل بن گئے تھے۔ جب کچھ وجوہات کی وجہ سے دبئی میں مراکز قرآن کے رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ حلانکہ بی جے ڈی کے تحت قائم اس مدرسہ کی بنیاد 1979 میں رکھی گئی تھی اور اس وقت سے سن 1992 تک مدرسہ بی ایم جے ڈی کے تحت ہی چل رہا تھا۔ جب رجسٹریشن کے مسئلہ درپیش ہوا تو قوم کے کئی مخلصین  نے اس کے لیے کوششیں کیں جن میں جناب عبدالباری صاحب متحشم اور جناب محمد ابراہیم قاضیا صاحبان پیش پیش رہے اور ان ہی کی توجہات کی وجہ سے اس کے لیے اپنے کفیل شیخ احمد ناصر سالم کو مدرسہ کی سرپرستی کے لیے آمادہ کرلیا اور یوں مدررسہ کے رجسٹریشن کے جملہ مراحل آسانی کے ساتھ تکمیل کو پہنچے۔ اس وقت سے آج تک مدرسہ کی کفالت کے ذمہ داری شیخ احمد ناصر سالم انجام دے رہے تھے۔ اس دوران مدرسہ کو کئی طرح کے حالات سے گذرنا پڑا لیکن شیخ احمد ناصر سالم نے خود اس سلسلہ میں اپنی دلچسپی دکھائی اور قومِ نوائط کے نونہالان کے لیے قائم یہ مدرسہ اللہ کے فضل اور شیخ صاحب کی کوششوں کی وجہ سے آج تک جاری ہے۔بیالیس سالہ مدرسہ کی ان خدمات سے سینکڑوں کی تعداد میں نونہالوں نے استفادہ کیا ہے۔ قرآن مجید تجوید ومخارج کا پڑھنا انہوں نے یہیں سے سیکھا ، فقہ کے مسائل سے واقفیت اسی مدرسہ کی وجہ سے ہوئی  اور دین پر اعتماد بھی بڑھا۔ یہ سب شیخ احمد ناصر سالم کی کوششوں ہی کا نتیجہ ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے۔  ان کی سیئات کو حسنات سے مبدل فرمائے اور ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت سے نوازے ۔ آمین