بھٹکل میں آج موسلا دھار بارش  کے دوران سڑکیں تالاب میں تبدیل: نامکمل یو جی ڈی کاموں کی وجہ سے عوام کو ہوئی پریشانی

04:39PM Thu 19 May, 2022

بھٹکل : 19 مئی،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ضلع میں اورینج اور ایلو الرٹ کے دوران آج بھٹکل میں صبح سے شام تک  برسی بارش نے عا م زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا۔ مسلسل بارش کی وجہ سے  ایک طرف قومی شاہراہ پر واقع شمس الدین سرکل، رنگین کٹے، شرالی  وغیرہ میں جہاں شاہراہ تالاب میں تبدیل ہوگئی تو وہیں دوسری طرف  شہر کے اندر یو جی ڈی کے کام کے بعد بھری مٹی سڑک سمیت  زمین میں دھنس گئی جس کی وجہ سے عوام کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ زوردار بارش کے بعد پانی کی نکاسی کے لیے بنی نالیاں  ہموار اور صاف نہ ہونے کی وجہ سے  پانی نالیوں سے  نکل کر  راستوں پر پھیلتا نظر آیا تو کچھ دکانوں اور مکانوں کے کمپاؤنڈ میں بھی پانی گھسنے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں ۔