بنگلورو کے عیدگاہ میدان پر پھر تنازعہ، ہندو تنظیموں کا گنیش اتسو منانے کا مطالبہ

02:08PM Sun 28 Aug, 2022

بنگلورو: کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں واقع عیدگاہ میدان پر تنازعہ لگاتار جاری ہے۔ ریاستی وقف بورڈ عیدگاہ میدان میں گنیش کی مورتیوں کو نصب کرنے کی اجازت دینے کے سلسلہ میں سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے، جس پر کرناٹک میں بی جے پی حکومت نے کہا کہ وہ 30 اگست تک عدالت کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔
خیال رہے کہ اس سال گنیش چترتھی کا تہوار 31 اگست کو منایا جائے گا۔ یہ تہوار عموماً تین سے گیارہ دن تک جاری رہتا ہے۔ اگست میں یہ دوسرا موقع ہے جب عیدگاہ گراؤنڈ پر تنازعہ ہو رہا ہے۔ قبل ازیں، اس مقام پر اس وقت تنازعہ ہوا تھا جب دائیں بازو کی تنظیموں نے میدان پر قومی پرچم لہرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ کرناٹک کے وقف بورڈ کا دعویٰ ہے کہ یہ اس کی ملکیت ہے جبکہ دیگر کا دعویٰ ہے کہ یہ میونسپل کارپوریشن یا بی بی ایم پی کی ملکیت ہے۔
ہائی کورٹ کی سنگل جج کی بنچ کے فیصلہ سنانے کے بعد آخرکار یوم آزادی کے موقع پر عیدگاہ میدان پر قومی پرچم لہرایا گیا۔ عدالت نے فیصلہ دیا کہ اس مقام کا استعمال عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی نماز کے علاوہ یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لئے بھی کیا جا سکتا ہے۔