کرناٹک کے وزیر کی اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر، ای سی کی شکایت پر پولیس کی کارروائی

12:48PM Thu 6 Apr, 2023

بنگلورو: 6 اپریل،2023 (ایجنسی)  کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی لیڈروں نے متنازعہ بیانات دینا شروع کر دیا ہے۔ اسی ضمن میں کرناٹک کے کابینہ وزیر اور بی جے پی کے رکن اسمبلی مُنی رتنا نے اقلیتی برادری کے خلاف نفرت انگیز بیان دیا، جس پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق منی رتنا نے حال ہی میں اپنے حلقہ انتخاب میں عیسائیوں کے خلاف مبینہ نفرت انگیز تقریر کی تھی، جس کے بعد راج راجیشور نگر پولیس نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آر آر نگر میں ایک انتخابی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اور بعد میں ایک پرائیویٹ کنڑ نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے منیرتنا نے الزام لگایا کہ مقامی بستیوں میں مذہب تبدیل کرنے کی سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے ’انہیں مارنے اور واپس بھیجنے‘ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس کے بعد کچھ بھی ہوتا ہے تو وہ اس سے نمٹ لیں گے! منیرتنا کرناٹک کی بسواراج بومئی کی قیادت والی بی جے پیی حکومت میں باغبانی اور منصوبہ بندی، پروگرام کی نگرانی اور شماریات کے وزیر ہیں ہیں۔ برہت بنگلورو مہانگرا پالیکے کے الیکشن فلائنگ اسکواڈ-11 کے ٹیم لیڈر منوج کمار نے وزیر کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ اس کی بنیاد پر آر آر نگر پولیس نے اس کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کی مختلف دفعات اور تعزیرات ہند کی دفعہ 153اے کے تحت مختلف فرقوں کے درمیان دشمنی کو بڑھاوا دینے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ خیال رہے کہ کرناٹک میں 10 مئی کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ 13 مئی کو نتائج جائی کئے جائیں گے۔ کانگریس نے انتخابات کے لیے اپنے کل 124 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری طرف جے ڈی ایس اور عام آدمی پارٹی نے بھی اپنے کچھ امیدواروں کا اعلان کیا ہے لیکن بی جے پی نے ابھی تک اپنے پتے نہیں کھول پائی ہے اور پارٹی کی جانب سے کوئی فہرست جاری نہیں کی گئی۔ دراصل اس بار پارٹی کسی بھی قیمت پر اکثریت کو دور نہیں کرنا چاہتی، یہی وجہ ہے کہ اس کے لئے امیدواروں کا اعلان مشکل ہو رہا ہے۔