عوام پر دھونس جماتے ہوئے دکھے رکن اسمبلی سنیل نائک  : ویڈیو جم کر ہورہی ہے وائرل

04:35PM Wed 15 Feb, 2023

بھٹکل : 15 فروری، 2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بیلور گرام پنچایت کے مارکنڈیشور میں سڑک کی تعمیر کرنے کے لیے پوجا پاٹ کرنے پہنچے رکن اسمبلی سنیل نائک کو مقامی لوگوں نے گھیر لیا اور مقامی لوگوں کے بیچ  سڑک کی لمبائی کو لے کر ہورہی باتوں میں سنیل نائک تکرار پر اتر آئے اور عوام پر پرستے ہوئے نظر آئے ۔ ان کے دھونس جما کر دھمکی دینے کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق  مارکنڈیشور میں 1.8 کلو میٹر طویل سڑک پوری طرح خراب ہونے کی وجہ سے عوام ایک مدت سے اس کی درستگی کی مانگ کر رہے تھے اب اس سڑک کی مرمت کے لیے 25 لاکھ روپے کا فنڈ منظور ہو ا ہے لیکن رکن اسمبلی سنیل نائک نے یہاں پر صرف 400 میٹر سڑک درست کرنے کا منصوبہ بنایا ہے  ۔ اسی کو شروع کرنے کے لیے  پوجا پاٹ کرنے وہ آج متعلقہ جگہ  پہنچے ہوئے تھے جہاں مقامی لوگوں نے ان کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور پوری سڑک کو درست کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس مطالبہ پر سنیل نائک اعتراض کرنے والوں پر برس پڑے اور غصے میں انہیں بہت کچھ سنا دیا ۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں سنیل نائک کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ‘‘میں رکن اسمبلی ہوں ، مجھے کونسی سڑک کیسے اور کتنی درست کرنی ہے یہ  معلوم ہے۔  اس کے لیے مجھے کسی لیڈر کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر تم میں طاقت ہے تو تم اس کام کو روک کر دکھاؤ’’۔ ایم ایل اے کے اس رویہ پر مقامی عوام میں کافی غصہ دکھائی دے رہا ہے  اور ایک عوامی نمائندہ سے اس طرح کی باتوں کو ناپسند کیا جارہا ہے۔