’کانگریس نے ملک مخالف PFI پر دکھایا تھا رحم، یہ آپ کی حفاظت کیسے کرے گی‘، کرناٹک کے پتور میں کانگریس پر برسے امیت شاہ
04:21PM Sun 12 Feb, 2023
پتور: 12 فرروری،2023 (ایجنسی) اپنے کرناٹک دورے کے تحت مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پتور میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کانگریس پر جم کر تنقید کی۔ شاہ نے اس دوران کانگریس پر کئی سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک مخالف پی ایف آئی کے 1700 ارکا ن کو رہا کردیا تھا لیکن ہمارے وزیراعظم نریندر مودی نے اس تنظیم پر پابندی لگادی۔ ملک مخالف عناصر کو مضبوط کرنے والی کانگریس پارٹی کبھی کرناٹک کی حفاظت نہیں کرسکتی۔
ٹیپو سلطان میں یقین رکھنے والی پارٹیوں پر کیسے کریں گے بھروسہ: امیت شاہ نے آگے کہا کہ آپ کے پاس کی ریاست کیرل ہے۔ میں زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ اگر آپ کرناٹک کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو یہ صرف بی جے پی ہی کرسکتی ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس اور جے ڈی ایس اٹھارویں صدی کے میسور کے حکمران ٹیپو سلطان پر یقین رکھتے ہیں اور دونوں پارٹیاں کرناٹک کے لیے کچھ اچھا نہیں کر سکتیں۔
واضح رہے کہ امیت شاہ پتور میں سنٹرل آریکنٹ اور کوکو مارکیٹنگ اینڈ پروسیسنگ کوآپریٹو لمیٹڈ (CAMPCO) کی گولڈن جوبلی تقریبات منانے کے لیے آئے تھے۔
کانگریس نے کرناٹک کو اے ٹی ایم کی طرح استعمال کیا: امیت شاہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ کانگریس بدعنوان تھی اور کرناٹک کو گاندھی خاندان کے لیے ’آٹومیٹیڈ ٹیلر مشین (اے ٹی ایم ) کے طور پر استعمال کیا گیا تھا۔ جب میں یہاں آیا ہوں، تو میں آپ سے پوچھتا ہوں۔ کیا لوگوں کو جے ڈی (ایس) اور کانگریس کو ووٹ دینا چاہیے جو ٹیپو میں یقین رکھتے ہیں یا بی جے پی کو جو رانی اببککا میں یقین رکھتے ہیں؟