انڈین نوائط فورم کے زیراہتمام روزگا میلہ کا کامیاب انعقاد: پانچ سو سے زائد لوگوں کو ملا روزگا
04:10PM Tue 1 Aug, 2023

بھٹکل : یکم اگست،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) آمنہ پیلیس بھٹکل میں سنیچر 29 جولائی کوانڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کے زیر اہتمام روزگار میلہ کا انعقاد کیا گیا تھا جو کہ نہایت ہی کامیاب رہا ۔اطلاع کے مطابق اس جاب فئیر کے لیے بیندور سے ولکی تک کے 1200 لوگوں نے رجسٹریشن کیا تھا جن میں 900 لوگوں نے مختلف ملازمتوں کے لیے انٹریو دیا اور ان میں سے بھٹکل و اطراف کے پانچ سو سے زائد لوگوں کو ملازمت حاصل ہوئی۔
صبح قریب گیارہ بجے تلاوت کلام پاک کے ساتھ اس پروگرام کا آغاز ہوا۔ استقبالیہ اور افتتاحی کلمات کے بعد اُترکنڑا کے انچارج وزیر منکال وئیدیا ، بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا سمیت بھٹکل کے قاضی صاحبان مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے آئی این ایف کی کوششوں کی سراہنا کی ۔ جاب میلے کے کنوینر فیضان برماور نے نظامت کی جبکہ انڈین نوائط فورم کے صدر ایس ایم سید ارشد نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے فورم کے تعلق سے معلومات فراہم کیں۔
تفصیلات کے مطابق اسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس (اے ایم پی) کے تعاون سے منعقدہ اس فئیر میں 30 کمپنیوں کے نمائندوں نے فئیر میں پہنچ کر لوگوں کا انٹرویولیا۔ جبکہ سات کمپنیوں کے نمائندوں نے آن لائن انٹرویو بھی لیا اور اپنی کمپنی کے لئے اُمیدواروں کا انتخاب کیا۔
اس جاب فئیر کو کامیاب بنانے میں فورم کے جنرل سکریٹری نعمان پٹیل، سکریٹری معاذ جوکاکو، آئی این ایف کے دیگرذمہ داران میں سے غفران لنکا، تنویر موٹیا، فیاض غنی محتشم، بلال رکن الدین، آفتاب حُسین کولا، امتیاز دامدا، قمر الزماں موٹیا اسی طرح اے ایم پی کے ذمہ داران نذیر، انیس اور شاہد سمیت دیگر افراد نے بھی اہم رول ادا کیا ۔

